نجکاری کے نام پر ملکی اداروں کو ہتھیا یا جارہا ہے، ڈاکٹر طارق سلیم

168

 

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ کرپٹ ٹولے کو رلانے کے دعوے کرنے والی تبدیلی سرکار نے عوام کو آنسوئوں سے رلا دیا، جبکہ نواز لیگ، پیپلز پارٹی، مشرف لیگ کے وزرا کو سینے سے لگا لیا ہے، عید کے بعد حکومت کیخلاف عوامی احتجاج ہوگا، لیکن ہم کسی ایسی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے، جس کے ذریعے نواز شریف اور آصف زرداری کی دوبارہ واپسی کی راہ ہموار ہوسکے۔ بظاہر اسٹیٹس کو کو للکارنے والے رات کی تاریکی میں ان سے ریلیف کی بھیک مانگ رہے ہوتے ہیں، قوم کو بحران سے نکالنے کے لیے متبادل صرف جماعت اسلامی کی دیانتدار اور اہل قیادت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے النجات ٹرسٹ کے زیر اہتمام رمضان پیکج کی تقریب اور تنظیمی دورے کے دوران منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ حکمرانوں کی اصلاح کے بجائے ان میں مزید بگاڑ پیدا ہو رہا ہے۔ آئی ایم ایف نجکاری کے نام پر ملکی اداروں کو ہتھیانے کے بعد ایٹمی صلاحیت کے درپے ہوگا۔ عوام کو امپورٹڈ حکمرانوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے، عید کے بعد امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی رہنمائی میں خیبر سے کراچی، چترال کے پہاڑوں سے لے کر گوادر کے ساحل تک جماعت اسلامی کے کارکنان عوام کو ساتھ لے کر نکلیں گے اور اپنے پائوں اللہ کے راستے میں گرد آلود کریں گے، بددیانت اور نااہل حکمرانوں کیخلاف صدائے احتجاج بھی بلند کریں گے۔