سستے رمضان بازاروں میں خالی اسٹالز نے حکومتی کارکردگی کا پول کھول دیا، خالد محمود

152

 

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) ریلوے پریم یونین کے مرکزی رہنما خالد محمود چودھری نے کہا ہے کہ سستے رمضان بازار وں میں قائم کیے جا نے والے خالی اسٹالز نے صوبائی حکومت کی کار کردگی کا پو ل کھول دیا، آٹے اور چینی کے خا لی سٹال عوام کا منہ چڑا رہے ہیں، فوٹو سیشن کے شوقین عوامی نمائندوں کے پاس عوامی شکایات کودور کرنے کے لیے وقت نہیں۔ حکومت کی طرف سے یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان پیکیج میں 19 بنیادی ضروری اشیا پر خصوصی رعایت کا اعلان کیا گیا مگر فیصل آباد کے اسٹورز پر ضروری اشیا خورونوش سرے سے ہی دستیاب نہیں، گھی، کوکنگ آئل، چینی، آٹا، دال چنا، دال ماش، دال مونگ، کالے اور سفید چنے سمیت مصالحہ جات کے خالی ریک غریب عوام کی بے بسی کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے شہر میں درجنوں مقامات پر شہریوں کو اشیا خورونوش فراہم کرنے کے سلسلے میں سستے رمضان بازار قائم کیے گئے ہیں اور اس بات کا دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان رمضان بازاروں میں عوام کو تمام اشیا خورونوش سستے داموں فراہم کی جائیں گی۔ ان سستے رمضان بازاروں کی جی بھر کر تشہیر بھی کی گئی، لیکن ان بازاروں کو قائم کر کے ضلعی انتظامیہ فرائض سے غافل ہوگئی ہے۔ سستے رمضان بازاروں کے نام پر عوام سے بدترین مذاق کیا جارہا ہے، حکمران غریب عوام کو چند روپوں کا ریلیف دے کر کروڑوں روپے اپنی ذاتی تشہیر پر لگا رہے ہیں۔ عام آدمی رمضان سے پہلے ہی دو وقت کے کھانے کا انتظام کرنے سے قاصر تھا جبکہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی ضروریات زندگی کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں اور لوگوں کے لیے سحری و افطاری کا انتظام کرنا ممکن نہیں رہا۔ لاکھوں لوگ پانی کے گھونٹ سے روزہ افطار کرتے ہیں۔