راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے 20کروڑ عوام کوآئی ایم ایف کے ہاتھوں یرغمال بنادیاعالمی مافیا کے ہرروز نئے مطالبوں نے عوام پر مہنگائی کا سونامی مسلط کردیا، کارکنان تیاری کرلیں جماعت اسلامی عیدالفطر کے بعد پنجاب سمیت ملک بھرکے بڑے شہروں میں آئی ایم ایف اورحکومت کے خلاف عظیم الشان ’’عوامی مارچ‘‘ منعقد کرے گی۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ڈویژنل امرائے اضلاع وسیکرٹریزکے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سیکرٹری محمدعثمان آکاش، سیکرٹری اطلاعا ت انعام الحق اعوان ،صوبائی صدرالخدمت فائونڈیشن رضوان احمد،صدرجے آئی یوتھ اویس اسلم مرزا ،محمداطہرشیخ ودیگرذمے داران بھی شریک تھے۔ ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ وفاقی وصوبائی حکومتوں کی نااہلی اورعوامی مسائل پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے جماعت اسلامی عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے آئی ایم ایف اورعالمی استعماری قوتوں کے غلاموں کے خلاف احتجاج کرے گی جس میں مزدور،کسان ،طلبہ اور نوجوان شریک ہوں گے ،چوراورڈاکوکاراگ الاپنے والے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے نام پر چورو ںاورڈاکوئوں کو تحفظ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ احتساب اور کرپشن کے خاتمے کے نعرے لگانے والی تحریک انصاف کے اپنے کارکن آج بھی بے یارومددگار ہیں لیکن ن لیگ ،پیپلزپارٹی اورمشرف لیگ کے وزراء اورممبران اسمبلی کو تبدیلی سرکارنے گود لیا،پاکستانی عوام پرمہنگائی کا سونامی مسلط کرنے والوں کا یوم حساب قریب ہے قوم جماعت اسلامی کی پشتبیان بن جائے۔ ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ ہمارے سیکڑوںمنتخب نمائندے وزرا ،مئیرز اور ممبران اسمبلی رہے لیکن کسی ایک کارکن کے دامن پربھی کرپشن کاکوئی دھبہ نہیں لیکن اس کے برعکس ملک کی تمام پارٹیوں کے منتخب نمائندے کرپشن کی گندگی میں لتھڑے ہوئے ہیں جماعت اسلامی کسی کے لیے اپنے کندھے فراہم کرے گی نہ ہی نوازشریف اور آصف زرداری کی اقتدارمیں واپسی کے لیے چلائی جانی والی کسی تحریک کا حصہ بنے گی ۔