ضلع وسطی میں ڈنڈا بردارچارجڈ پارکنگ مافیا اور شہریوں میں زبردست تصادم کا خطرہ پیدا ہوگیا،

322

کراچی(رپو رٹ:منیر عقیل انصاری) ضلع وسطی میں ڈنڈا بردارچارجڈ پارکنگ مافیا اور شہریوں میں زبردست تصادم کا خطرہ پیدا ہوگیا،ڈی ایم سی کے سروس روڈز پر مافیا نے مکمل کنٹرول حاصل کرلیا،ڈنڈا بردار چارجڈ پارکنگ مافیا فیملیز کے ہمراہ شاپنگ کیلئے آنے والے شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف ہوگئے،

نارتھ ناظم آباد حیدری،فائیو اسٹار چورنگی سے کے ڈی اے چورنگی تک دونوں طرف کی سروس روڈ پر مکمل قبضہ کرلیا گیا،اندرونی سڑکوں اور روڈز پر بھی جرائم پیشہ افراد شہریوں سے من مانی فیس وصول کرنے میں مصروف،ضلع وسطی کے افسران کی مکمل سرپرستی کا حاصل ہے،

شہریوں نے بلدیاتی حکام کی لوٹ مار اور جرائم پیشہ ڈنڈا بردار افراد کی جانب سے حراسا ں کرنے پر ڈائریکٹر جنرل رینجرز اور ڈی جی نیب سے فوری مدد اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہےِ

تفصیلات کے مطابق عید الفطر کی آمد سے قبل ضلع وسطی کی مارکیٹوں کے اطراف چارجڈ پارکنگ کے نام پر شہریوں سے کروڑوں روپے لوٹنے کا منصوبہ بنالیا گیا ہے،

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی ایم سی سینٹرل کے علاقے نارتھ ناظم آباد حیدری پری مال شاپنگ سینٹر،فائیو اسٹار چورنگی سے کے ڈی اے چورنگی تک دونوں اطراف کی سروس روڈ پر چارجڈ پارکنگ مافیا نے قبضہ جمالیا ہے،

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈنڈا بردار چارجڈ پارکنگ مافیا کے کارندوں نے من مانی فیس وصول کئے بغیر شہریوں کی سروس روڈ میں داخلے پر پابندی لگادی ہے جس پر گذشتہ تین روز کے دوران شہریوں اور ان جرائم پیشہ افراد کے مابین شدید تلخ کلامی کے واقعات رونما ہوچکے ہیں،

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ خریداری کیلئے آنے والے شہریوں کو مذکورہ افراد حراساں کر کے لوٹ مار میں مصروف ہیں،شہریوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد نے ڈی ایم سی سینٹرل کی جیکٹس پہن رکھی ہیں جو کہ کھلے عام بدمعاشی کرتے ہوئے شہریوں سے زبردستی من مانی فیس وصول کرنے میں مصروف ہیں جس کے باعث شہریوں میں بھی سخت اشتعال پایا جارہا ہے،

ڈی ایم سی وسطی کے ذرائع کا کہنا ہے مذکورہ چارجڈ پارکنگ کے معاملات ڈی ایم سی کے متنازعہ افسر اختر رضا چلا رہے ہیں جو کہ ضلع وسطی میں ڈائریکٹر ٹیکسز کے عہدے پر براجمان ہونے کے ساتھ ساتھ میونسپل کمشنر فہیم خان کے کوآرڈنیٹر کے طور پر بھی امور انجام دے رہے ہیں،

علاقہ مکینوں،شہریوں اور مارکیٹ دکانداروں نے موجودہ صورتحال میں شہریوں اور چارجڈ پارکنگ مافیا کے مابین زبردست تصادم ہونے کا خطرہ ظاہر کردیا ہے،

شہریوں نے ڈی جی رینجرز،ڈی جی نیب سندھ سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری نوٹس اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے،

واضح رہے کہ گذشتہ برس میں بھی شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے چارجڈ پارکنگ مافیا کیخلاف رینجرز اہلکاروں نے کارروائی کی تھی جس کے باعث شہریوں کو ریلیف مل سکا تھا۔