اسلام بھائی چارے ،محبت اور احترام کا درس دیتا ہے،حاجی عبدالصمد خان

123

پشاور(اے پی پی)الخدمت فائونڈیشن لکی مروت کی جانب سے تور لونگ خیل میں ایک تقریب کے دوران سیکڑوں مستحقین میں رمضان پیکج تقسیم کیا گیا جس میں ضلعی صدر الخدمت فائونڈیشن لکی آدم سازخان، جماعت اسلامی کے ضلعی سینئرنائب امیرحاجی عبدالصمد خان، ضلعی جنرل سیکرٹری عبدالغفارفریادی اورالخدمت فائونڈیشن کے ضلعی جنرل سیکرٹری اکرام اللہ خان سمیت جماعت دیگر ارکان اور عوام نے بڑی کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ اسلام بھائی چارے اور ایک دوسرے سے محبت اور احترام کا درس دیتا ہے اور رمضان المبارک میں یہ جذبہ اور بھی بڑھ جاتا ہے بحیثیت مسلمان ہمارا اخلاقی فرض بنتا ہے کہ بے سہارا اور نادار لوگوں کی مدد کرنا اپنا وطیرہ بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ الخدمت فائونڈیشن بھی اسی جذبے کے تحت وطن عزیز میں ضرورت مند اور بے سہارا افراد کی خدمت کے لیے کوشاں ہے اورخاص کر الخدمت فائونڈیشن نے جنوبی اضلاع بالخصوص لکی مروت میں عوام کو سہولت پہنچانے کے لیے کروڑوں روپے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں ۔انہوں نے اس عزم کااعادہ کیاکہ آئندہ بھی پسماندہ علاقوں کی تعمیرو ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کریں گے ۔آخرمیں انہوں نے مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ دکھی انسانیت کی خدمت کی جذبے کے ساتھ اپنے عطیات الخدمت فاونڈیشن کو دیں تاکہ ہم ضرورت مندوں اور بے کسوں کی مدد کرسکے۔