حکمران غریبوں سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لینا چاہتے ہیں

113

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)ریلوے پریم یونین کے مرکزی رہنماخالد محمود چودھری نے رمضان کے مقدس مہینے میںآٹے کی قیمتوں میں اضافہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران غریبوں سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لینا چاہتے ہیں ،قیمتوں میں اضافہ نے پنجاب حکومت کی گڈ گورنس کا پول کھول دیا ہے ۔ آٹے کا تھیلے کی قیمت میں اضافہ مہنگائی کے مارے غریب عوام پر ڈرون حملہ کے مترادف ہے ، پنجاب میں گندم کی ریکارڈ پیداوار کے باوجود صوبائی حکومت کی غفلت اورناقص حکمت عملی کی وجہ سے آٹے کی قیمت میں اضافہ افسوس ناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے لیے عزت کے ساتھ دو وقت کی روٹی کا حصول انتہائی مشکل بنا دیا گیا ہے۔آٹے جیسی بنیادی خوراک کی قیمت میں اضافہ اور سرکاری نرخ سے زائد پر سر عام فروخت حکومت کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب نے مہنگائی پر کنٹرول کرنے کے لیے پرائس کنٹرول کمیٹیاں بنائی تھیں لیکن ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ ندوزوں سے ملی بھگت کرکے مصنوعی طور پر قیمتیں بڑھانے کامذموم دھنداجاری ہے جبکہ انتظامیہ صرف زبانی جمع خرچ سے کام لے رہی ہے۔آج تک مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سنجیدگی سے ایکشن نہیں لیاگیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم پاکستان دن بدن بڑھتی ہوئی مہنگائی پرفوری نوٹس لیں اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کریں ۔