اقوام متحدہ کا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر رپورٹ طلب کرنا خوش آئند ہے،امیرالعظیم

103

لاہور (وقائع نگار خصوصی) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اور امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور ہلاکتوں پر رپورٹ طلب کرنا خو ش آئند ہے جبکہ ر پورٹ فراہم کرنے سے بھارت کا انکار اس بات کا ثبوت ہے کہ اس نے جموں وکشمیر میں ظلم کی انتہا کی ہوئی ہے۔ بھارت دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کررہا ہے اور وہ جان گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اب اس کے ہاتھ سے نکل چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت تحریک آزادی پورے عروج پر ہے۔ بھارت کشمیری عوام پر ظلم کے تمام حربے آزما چکا ہے لیکن اس کے باوجود وہاں تحریک آزادیٔ کشمیر تھمنے کا نام نہیں لے رہی۔ انڈیا مقبوضہ کشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گرد ی کے ذریعے مظالم کی انتہا کرچکا ہے۔ بھارتی انتخابات کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مسلسل کرفیو اور ریاستی دہشت گردی سے بھی کچھ حاصل نہیں ہوسکا۔ کشمیری قوم کے جذبہ آزادی کے سامنے بھارتی فوج بے بس دکھائی دیتی ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس سے دستبردار ہوکر پاکستان کا وجود قائم ودائم نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے اپنا غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔ 70 برس گزر جانے کے باوجود بھارت نہتے کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکا۔ کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں، انڈیا کبھی بھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی تمام ترکوششوں اور حربوں کے باوجود کشمیریوںکی تیسری نسل بھی بھارت سے آزادی چاہتی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کے نتیجے میں ایک لاکھ سے زائد نہتے کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔ آج بھی بھارتی عقوبت خانوں میں کشمیر کی آزادی کا خواب دیکھنے والے نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ امیر العظیم نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر میں برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعدسے حالات یکسر تبدیل ہوچکے ہیں۔ اب تو بھارت کے اندر سے بھی کشمیر کی آزادی کے لیے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی بھارت کے غاصبانہ قبضے سے آزادی تک پاکستان کے 22 کروڑ عوام اپنے کشمیری بہن، بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔