حکومتی وزرا کی بد زبانی تشویشناک ہے،امیرالعظیم

105

لاہور (وقائع نگار خصوصی) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اور امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ حکومتی وزرا کی بد زبانی تشویشناک ہے۔ ایک دوسرے کے ساتھ شائستگی اور تہذیب کے ساتھ پیش آنا چاہیے۔ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے حکمران اپنی سمت کو درست کریں اور معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کیا جاناچاہیے۔ ملک و قوم اس وقت سنگین مسائل کا شکار ہیں اور حکومتی رویہ ان میں اضافہ کا باعث بن رہا ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوںکا طرز عمل ہمیشہ ملکی و معاشرتی استحکام کا باعث بنتا ہے جبکہ اپوزیشن کی یہ بنیادی اور آئینی ذمے داری ہے کہ وہ حکومتی غلط اقدامات کی نشاندہی کرے تاکہ عوامی فلاح وبہبود ممکن ہوسکے۔ بدقسمتی یہ ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے بدکلامی میں ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک و قوم اس وقت تک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے جب تک اسلامی شعائر، اخلاقی اقدار، تہذیب، ثقافت اور معاشرتی طرز عمل میں بہتری نہیں لائی جاتی اور یہ صرف اس وقت ہوگا جب حکمران خود اعلیٰ اخلاقیات کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے مسائل و مشکلات سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔ حکمرانوں کے پاس زبانی کلامی اقدامات اور دکھاوے کے سوا کچھ نہیں۔ صرف نو ماہ میں ہی تحریک انصاف کی حکومت عوام میں اپنی مقبولیت کھوچکی ہے۔ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان حال ہے۔ امیر العظیم نے مزید کہا کہ اداروں کے درمیان عدم تعاون اور چپقلش کی فضا ملکی سلامتی کے لیے خطرناک ہے۔ پاکستان اندرونی لحاظ سے مضبوط ہوگا تو بیرونی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا ہوگی۔ ضرورت اس امر ہے کہ حکمران اپنی اصلاح کرتے ہوئے رویوں میں مثبت تبدیلی لائیںاورمخلص ہوکر ملک و قوم کی خدمت کریں۔