مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال۔ کاروباری مراکز،تعلیمی ادار ے بند

107

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں ممتاز مجاہد کمانڈر ذاکر موسیٰ اور ایک شہری ظہور احمد کی شہادت پرگزشتہ روز مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ذاکر موسیٰ اور ظہور احمد کے قتل پر احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے دی تھی۔ وادی کشمیر میں دکانیں، کاروباری مراکز اور پیٹرول پمپ بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل تھی۔ دریں اثنا قابض انتظامیہ نے ذاکر موسیٰ کی شہادت پر لوگوں کو احتجاجی مظاہروں سے روکنے کے لیے سری نگر، کولگام اور پلوامہ میں کر فیو اور پابندیوں کا نفاذ جاری رکھا۔ انتظامیہ نے مقبوضہ وادی بھر میں تعلیمی ادارے بند اور ریل سروس معطل رکھی۔ جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سری نگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو تنازع کشمیر کے حل پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ ضلع بارہمولہ کے علاقے پٹن میں بھارتی فوج کے ایک اہلکار نے فوجی کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے خود کشی کر لی۔ پولیس نے ضلع پونچھ کے علاقے سرنکوٹ سے ایک لاش برآمد کی۔