حکومت بی ڈی اے کے 772 ملازمین کو مستقل کرے، عبدالحق ہاشمی

108

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں ملازمین، کم آمدنی والے افراد کو احتجاج پر مجبور کرنا، ان کے جذبات سے کھیلنا اور بار بار مذاکرات کرکے مسائل حل نہ کرنا زیادتی اور ظلم ہے، حکومت فی الفور سابقہ حکومت کی منظوری، قرار داد کو مدنظر رکھتے ہوئے بی ڈی اے کے 772 عارضی و پراجیکٹ ملازمین کو مستقل کرے۔ بے عمل مذاکرات، بے اختیار وزرا بی ڈی اے ملازمین سے بار بار وعدے و مذاکرات کرکے مستقل نہ کرکے ان کے جذبات سے نہ کھیلیں۔ جماعت اسلامی بی ڈی اے ملازمین کیساتھ ہر ممکن جدوجہد کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے صوبائی نائب امیر زاہد اختر بلوچ کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی ایمپلائز ایکشن کمیٹی کی جانب سے چار دن سے قائم احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر بی ڈی اے ایمپلائز ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں یار محمد ترین، لعل محمد ترین، شمس خلجی ودیگر نے جماعت اسلامی کے وفد کو بتایا کہ ہم نے پہلے بھی منظم انداز میں قانونی ہڑتال و احتجاج کیا اور سابقہ حکومت سے مذاکرات کرتے ہوئے اپنے جائز مطالبات ان کے سامنے رکھے، اس وقت بلوچستان اسمبلی سے بی ڈی اے ملازمین کی مستقلی کے حوالے سے قرار داد پاس ہوئی، اس وقت کے وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے ہمارے مطالبات منظور کیے اور مستقلی کی منظوری دی مگر اب بیورو کریسی ہمارے مستقلی کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے، جس کی وجہ سے ایک بار پھر ہمارے انجینئرز، کلرکس وکلاس فور کے سیکڑوں ملازمین رمضان المبارک میں جائز مطالبات کے حصول کے لیے بھوک ہڑتال پر مجبور ہوئے۔ بھوک ہڑتال کی وجہ سے کچھ ملازمین کی حالت غیر بھی ہوگئی اور وہ اسپتال پہنچ گئے مگر حکومت کو کوئی رحم نہیں آیا، حکومتی نمائندے صرف وعدوں اور بے عمل اعلانات کرکے چلے جاتے ہیں، ہمارے جذبات و مجبوری سے کھیلا جارہا ہے جو مناسب نہیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی، نائب امیر زاہد اختر بلوچ نے بتایا کہ جماعت اسلامی بی ڈی اے مجبور ملازمین کیساتھ ہے، حکومت فی الفور بی ڈی اے ملازمین سے سنجیدہ مذاکرات کرتے ہوئے اپنی ہی اسمبلی کی قرار داد، سابق وزیر اعلیٰ کی منظوری اور ملازمین کی مجبوری و رمضان المبارک میں بھوک ہڑتال کو دیکھتے ہوئے فی الفور 772 عارضی و پراجیکٹ ملازمین کو مستقل کرے۔ ملازمین کے جذبات سے نہ کھیلیں بلکہ ان کی مجبوری کو دیکھتے ہوئے جائز مطالبات کو فی الفور مان لیں اور ملازمین کی ہڑتال ختم کرکے انہیں گھروں کوجانے دیں۔ جماعت اسلامی ان ہڑتالی ملازمین کیساتھ ہے اور ان کے جائز مطالبات کی منظوری کے لیے ہر ممکن مدد کرے گی۔