حکمرانوں کو مزید کتنی زینب اور فرشتہ کی قربانیاں چاہیے، راجا محمد جواد

99

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجا محمد جواد نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی غلامی اور مسائل کے حل کے لیے عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے عیدالفطر کے بعد امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی ہدایت پر ملک بھر سمیت راولپنڈی ضلع میں بھی عوامی رابطہ اور احتجاجی تحریک کا آغاز کررہے ہیں۔ 19 جولائی کو عظیم الشان عوامی مارچ ہوگا، جس میں خطہ پوٹھوہار کے عوام بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ احتجاجی تحریک کے حوالے سے صدر ضلعی سیاسی کمیٹی شمس الرحمن سواتی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل د ے دی ہے، جو ذیلی کمیٹیوں کے قیام کے ساتھ مزدوروں، کسانوں، طلبہ، وکلا سمیت تمام مکتبہ فکر کے افراد سے ملاقاتیں کرکے انہیں اس تحریک کا حصہ بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی مجلس شوریٰ و امرائے تحصیل وزون کے مشترکہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی سیکرٹری سید امجد حسین شاہ، نائب امرائے ضلع ظفر الحسن جوئیہ ایڈووکیٹ، چودھری عطا ربانی، ڈپٹی سیکرٹری شکیل احمد سمیت ارکان شوریٰ و دیگر ذمے داران شریک تھے۔ راجا محمد جواد نے کہا کہ ملک میں کہیں حکومتی رٹ نہیں دکھائی دیتی۔ دن دہاڑے وفاقی دارالحکومت سے معصوم بچی فرشتہ کو اغوا کیا جاتا ہے لیکن اسلام آباد پولیس اپنی ذمے داریاں پوری کرنے کے بجائے عوام کی تذلیل پر مامور ہے، حکمرانوں کو مزید کتنی زینب اور فرشتہ کی قربانیاں چاہیے۔ پولیس اہلکاروں کو معطل کرنے جیسے مضحکہ خیز اقدامات مظلوم خاندان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ فرشتہ کے والدین سے بدتمیزی کرنے اور اپنی ذمے داریاں پوری نہ کرنے والوں کو معطل نہیں معزول کرکے جیل بھیجنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے دیکھ لیا کہ ن لیگ، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف میں کوئی فرق نہیں، متبادل صرف جماعت اسلامی ہے، قوم ساتھ دے تاکہ مل کر پاکستان کو بحران سے نکالا جاسکے۔