جنگ بدر انسانیت کو سلامتی اور امن دینے کا نقطہ آغاز ہے

114

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم حافظ امان اللہ نے کہا ہے کہ غزوہ بدر اہل ایمان کی فتح و کامیابی کا دن ہے۔ اس دن بڑے بڑے فرعونوں کو اوندھے منہ گرا دیا گیا۔ جنگ بدر انسانیت کو سلامتی اور امن دینے کا نقطہ آغاز ہے۔ انہو ں نے کہا کہ غزوہ بدر کی اہمیت تاریخ اسلام میں مسلمہ ہے۔ جنگ بدر میں اللہ تعالی نے مومنین کو فتح عطا فرمائی آج بھی اگر ہم اسوہ رسولﷺ پر عمل پیرا ہوجائیں تو فرشتے ہماری مدد و نصرت کیلیے آسمانوں سے اتر سکتے ہیں۔ اللہ تعالی نے اس دن کو یوم فرقان یعنی حق و باطل کے درمیان فرق کرنے والے دن کے نام سے تعبیر فرمایا ہے۔ اس دن اقوام عالم کو پتا چل گیا کہ حق کا علمبردار کون ہے اور باطل کا نقیب کون ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنگ بدر میں 313مجاہدین کا ہزاروں کے لشکر پر فتح حاصل کر لینا اللہ تعالی کی مدد و نصرت اور ملائکہ کی فوج کی موجودگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ صرف دو سال کے مختصر عرصے میں کفر کے بڑے بڑے فرعونوں کے سر کچلنا غیبی مدد کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی اگر بدر جیسا ایمان پیدا ہوجائے تو امت مسلمہ پوری دنیا پر فتح و کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔