کوئٹہ ،سول اسپتال کا شعبہ حادثات میدان جنگ بن گیا

169

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)کوئٹہ کے سول اسپتال کا شعبہ حادثات دو گروہوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں میدان جنگ بن گیا،دونوں گروہوں نے ایک دوسرے پر طبی آلات سے حملے کیے ۔شعبہ حادثات میں توڑ پھوڑ کے بعد سروسز معطل کردی گئیں۔ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹرسلیم ابڑو کے مطابق کوئٹہ کے علاقے ہنہ اوڑک میں دو مسلح گروہوں کے مابین تصادم میں متعدد افراد زخمی ہوئے ۔ لیویز انتظامیہ دونوں گروہوں کو سول اسپتال لے آئی جہاں شعبہ حادثات میں دونوں گروہ کے افراد دوبارہ گتھم گتھا ہوگئے ۔ لڑائی جھگڑے کے نتیجے میں شعبہ حادثات میدان جنگ میں تبدیل ہوگیا جبکہ لیویز انتظامیہ ملزمان کو چھوڑ کر فرار ہوگئی۔دونو ں گروہ کے افراد نے ایک دوسرے پر طبی آلات سے وار کیے جس سے مزید کئی افراد زخمی ہوگئے۔ ایم ایس سول ڈاکٹر سلیم ابڑو کے مطابق شعبہ حادثات میں توڑ پھوڑکی گئی جس سے میڈیکل اسٹاف کو بھی چوٹیں لگیں، واقعہ کے بعد شعبہ حادثات میں سروسز معطل کرنا پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال سے متعلق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو آگاہ کردیا ہے۔