فیس بک پر اپنے ڈیٹا کو محفوظ کیسے بنایا جائے؟

373

سماجی رابطے کی بیشتر ویب سائیٹ صارفین کے ڈیٹا کو اشتہارات اور دیگر مقاصد کے لئے استعمال کرتی ہیں۔ فیس بک کو بھی گزشتہ چند سالوں سے صارفین کے ڈیٹا کو استعمال کرنے کی وجہ سے مختلف مقدمات اور پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ فیس بک پر یہ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ کمپنی صارفین کے ڈیٹا کو اشتہارات کے تعین کے لئے استعمال کرتی ہے ۔ کمپنی صارفین کی وزٹ کردہ ویب سائٹ یا پلان کردہ ٹرپ کو بھی ٹریک کر سکتی ہے اور لوکیشن ڈیٹا کی مدد سے فیس بک صارفین کو بآسانی لوکیٹ بھی کر سکتی ہے۔ حد تو یہ ہے کہ آپ اپنے اکاؤنٹ کو ڈی ایکٹیویٹ یا ڈیلیٹ کرنے کے بعد بھی فیس بک کو ڈیٹا جمع کرنے سے نہیں روک سکتے۔
ایک عام سوشل میڈیا صارفین ہونے کی حیثیت سے ہم سماجی رابطے کی ویب سائٹس کو ڈیٹا جمع کرنے سے مکمل طور پر روک تو نہیں سکتے لیکن کسی حد تک اپنے ڈیٹا کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔ فیس بک استعمال کرتے ہوئے سب سے پہلے ان معلومات کو محفوظ بنانا ضروری ہے جن کی مدد سے فیس بک آپ کو اشتہارات دکھانے کا تعین کرتی ہے۔ اس کے لئے فیس بک اکاؤنٹ کی سیٹنگ میں جاکر کر بائیں جانب موجود آپشنز میں سے ایڈز ( اشتہارات ) پر کلک کریں اور یور ایڈ پریفرینس کو منتخب کرکے اشتہارات کی سیٹنگز میں جائیں۔ یہاں آپ اس بات کا تعین کر سکتے ہیں کہ آپ فیس بک کے پارٹنر کمپنیوں ، فیس بک پر اپنی ایکٹیویٹی یا وہ ویب سائٹ جنہیں آپ نے وزٹ کیا ہو سے متعلقہ کون سے اشتہارات دیکھنا چاہتے ہیں۔
فیس بک اپنے ساتھ منسلک بہت سی تھرڈ پارٹی ایپلی کیشنز کو بھی صارفین کا ڈیٹا فراہم کرنے کی پابند ہے۔ گزشتہ سال اس حوالے سے ایک بڑا سکینڈل بھی سامنے آیا تھا جس کے بعد فیس بک نے تھرڈ پارٹی ایپلیکیشنز کی جانب سے صارفین کے ڈیٹا استعمال کرنے کے آپشنز کو تبدیل کیا تھا۔ آپ اپنے اکاؤنٹ کی سیٹنگ میں جاکر ایپس اینڈ ویب سائٹ کے آپشن سے تھرڈ پارٹی ایپلیکیشنز کو ڈیٹا استعمال کرنے سے روک سکتے ہیں یا اسکی حدود متعین کر سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ پریفرنسز کو کلک کرکے ایپس ویب سائٹ اینڈ گیمز کے آپشن کو ایڈٹ کر کے ڈیٹا تک رسائی کو مکمل ختم بھی کرسکتے ہیں ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹس کے ساتھ اپنی لوکیشن شئیر کرنا بھی آپ کی پرائیویسی کے لیے بڑا خطرہ ہو سکتا ہے۔ اپنے اسمارٹ فون سے مختلف اپلیکیشنز کی لوکیشن سروس تک رسائی کو آف کریں۔ آپ کے آئی پی ایڈریس کی مدد سے آپ کی لوکیشن کو ٹریک کیا جا سکتا ہے لہذا وی پی این کا استعمال کریں تاکہ آپ کی لوکیشن کی معلومات محفوظ رہ سکیں۔
مختلف بلاکنگ ٹولز کے استعمال سے بھی فیس بک بک تک ڈیٹا کی رسائی کو روکا جا سکتا ہے ۔ سفاری اور فیس بک کنٹینر اس حوالے سے مفید ٹولز ہیں جن کی مدد سے بہت ساری تھرڈ پارٹی ویب سائٹس اور کوکیز سے ڈیٹا کو محفوظ کیا جا سکتا ہے۔