سمنگلی ائربیس میں گاڑی نہ روکنے پر فورسز کی فائرنگ، ڈرائیور ہلاک

111

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز کی ائربیس کے اندر داخل ہونے والی گاڑی پر نہ رکنے پر فائرنگ، ڈرائیور جاں بحق، ایران سے اسمگل شدہ ڈیزل برآمد۔ ڈیرہ مراد جمالی کے قریب کسٹم عملے نے ٹرک کو تحویل میں لے کر بڑی مقدار میں غیرملکی سگریٹ، گاڑیوں کے پارٹس اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔ تفصیل کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب تقریباً 2 بجے مستونگ سے کوئٹہ آنے والی ایک گاڑی کو سمنگلی ائر بیس میں داخل ہوتے وقت داخلی چیک پوسٹ پر موجود اہلکاروں نے رکنے کا اشارہ کیا، مشتبہ گاڑی سمنگلی ائربیس کے اندر قائم اگلی چیک پوسٹ پر بھی نہیں رکی جس پر سیکورٹی اہلکار الرٹ ہوگئے اور خارجی راستے کے قریب گاڑی پر فائرنگ کردی، جس سے گاڑی کا ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔ گاڑی میں بارودی مواد کے خدشے کے پیش نظر علاقے کو خالی کرالیا گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے گاڑی کو کلیئر قرار دے دیا۔ گاڑی سے ایران سے اسمگل شدہ ڈیزل اور پیٹرول کے 15 کین، ایک عدد 30 بور پستول اور 5 گولیاں ملیں۔ ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔ پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 50 سالہ شاہ ولی کاکڑ کے نام سے ہوئی جو قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان کا رہائشی تھا اور ایرانی ڈیزل اور پیٹرول کی اسمگلنگ کا کاروبار کرتا تھا۔ علاوہ ازیں کسٹم حکام کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی کے قریب نوتال کے مقام پر ایک ٹرک کو تحویل میں لیکر ڈھائی کروڑ روپے مالیت کا غیر ملکی اسمگل شدہ سامان برآمد کر لیا گیا جس میں غیر ملکی سگریٹ، چھالیہ، پان پراگ اور آٹو پارٹس شامل ہے۔ کسٹم حکام کے مطابق ٹرک لوہے کے اسکریپ سے بھرا ہوا تھا جس کی آڑ میں اسمگلنگ کی کوشش کی جارہی تھی تاہم منصوبہ ناکام بنا دیا جبکہ کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔