مردان،پولیس کی کامیاب کارروائیاں ،ا سمگلروں سمیت 4خطرناک ملزمان گرفتار

135

مردان(این این آئی)تھانہ سٹی، پارہوتی اورکاٹلنگ پولیس کی کامیاب کارروائیاں، چوری، ڈکیتی کی وارداتوں اور صوبہ گیر اسلحہ اسمگلروں سمیت 4 خطرناک ملزمان گرفتار، چوری شدہ رقم، طلائی زیورات اور بھاری مقدار میں لاکھوں روپے مالیت کا غیر قانونی اسلحہ برآمد، خطرناک مقامی اور قبائلی علاقہ جات اسمگلروں اور چوروں سے 23 جدید شارٹ گن، 12 بور کی 30 بندوق، 21 پستول، 10 کلاشنکوف نما مشین، 2 MP 4 نما، 3 عدد MP 5 نما 30 بور پستول اور دس ہزار کارتوس برآمد کرلیے گئے۔ جرائم پیشہ اور قانون شکن عناصر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مردان ضلع کو کرائم فری بنانے کے لیے کوشاں رہیں گے۔ ڈی پی او سجاد خان، مردان پولیس نے اسلحے کی بھاری مقدار اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو اسمگلروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ اسمگلرز عمر فاروق ولد میر ولی، میرولی ولد میاں گل ساکنان درہ آدم خیل موٹر کار کے ذریعے لاکھو ں روپے مالیت کا غیر قانونی اسلحہ اسمگل کررہے تھے کہ ڈی پی او مردان سجاد خان کو خفیہ ایجنسی کے ذریعے اطلاع ملی جس پر اے ایس پی سٹی علی بن طارق کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ سٹی محسن فواد خان نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسمگلرز کو دھر لیا اور کار کے خفیہ خانوں سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ دوسری کارروائی کے دوران کاٹلنگ پولیس نے پریس آفس سے چوری ہونے والی لاکھوں روپے کی رقم اور انعامی بانڈز برآمد کرکے ایک ملزم رحمت علی ولد حکیم خان سکنہ ڈھیری کاٹلنگ کو گرفتار کر کے جس نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔ پریس آفس سے چند روز قبل چوری ہوئی تھی ملزم کے قبضے سے ایک لاکھ 8 7 ہزار 750روپے مالیت کے پرائز بانڈ اور نقد رقم مبلغ 21250 روپے برآمد ہوئی ہے۔ جبکہ تھانہ پارہوتی کے ایس ایچ او عبدالسلام خان نے کالج کالونی مصطفی آباد میں عوام کی نیندیں حرام کرنے والے صوابی سے تعلق رکھنے والے چور بحرالامین ولد اکبر شاہ سکنہ سلیم خان کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ڈھائی لاکھ روپے اور لاکھوں روپے مالیت کے ساڑھے 6 تولے طلائی زیورات برآمد کرلیے۔ ڈی پی او مردان سجاد خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں جرائم کی انسداد اور بیخ کنی کے لیے مردان پولیس ایک جامع سیکورٹی پلان کے تحت مصروف عمل ہے۔ عوام کے جان و مال کی حفاظت ہمارا اولین فریضہ ہے، کسی کو بھی نقص امن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ امن وامان برقرار رکھنے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے مزید کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے اجتناب کریں، ہوائی فائرنگ کے اجتناب سے کئی بے گناہ قیمتی جانوں کو بچایا جاسکتا ہے۔ عوام اس لعنت کیخلاف پولیس کے ساتھ تعاون کرکے اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔