رمضان المبارک میں روزے دار کشمیریوں کو گولیوں سے بھونا جا رہا ہے

94

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کشمیری مسلمانوں کی سحریاں، افطاریاں جنازے اٹھاتے گزر رہی ہیں۔رمضان المبارک میں روزے دار کشمیریوں کو گولیوں سے بھونا جا رہا ہے۔بھارتی درندے دن رات رمضان کا تقدس پامال کر رہے ہیں۔روزے اور تراویح کے اوقات میں بے گناہ کشمیریوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کشمیر پاکستان کے ڈی این اے میں ہے اسے بھلایا نہیں جا سکتا۔آسمان کی بلندیوں کو چھوتے ہوئے کشمیریوں کے جذبہ حریت نے بھارت پر لرزہ طاری کر دیا ہے۔کشمیر کے مطلع پر شہدا کشمیر کی سرخی آزادی کے سورج کے طلوع ہونے کی خبر دے رہی ہے۔بھارتی فوج کا آپریشن آل آئوٹ بھی اپنے حد درجے کے ظلم و ستم کے باوجود بھی کشمیر میں آزادی کی لہر دبانے میں ناکام ہے۔اب نظر آرہا ہے کہ کشمیریوں کو طاقت کے استعمال سے مزید دبانا بھارتی حکومت کے بس میں نہیں رہا بھارت نے کٹھ پتلی حکومت کی جگہ گورنر راج نافذ کر کے اور گورنر راج کی جگہ صدر راج نافذ کر کے بھی دیکھ لیا ہے۔اب دہلی سے کشمیر کو کنٹرول کیا جا رہا ہے مگر بھارت کی کشمیر پر گرفت اتنی کمزور ہو چکی ہے۔کہ بھارتی حکومت کو کشمیر پر اپنا قبضہ برقرار رکھنے کے لیے روزانہ سات ارب روپے خرچ کرنے پڑ رہے ہیں۔ زمینی حقائق یہی ہیں کہ مسئلہ کشمیر حل ہونے کا وقت آن پہنچا ہے چنانچہ اقوام متحدہ اسے دونوں ممالک کا مسئلہ قرار دینے کے بجائے اپنی ڈیوٹی سمجھ کر کشمیر میں رائے شماری کمشز کا تقرر کرے اور بھارتی افواج سے کشمیر کو خالی کرا کر رائے شماری کرائے۔