اکثر لوگوں کے پاس اب بھی پرانے موبائل فون ان کی میز کی دراز میں موجود ہیں یا یہ موبائل بچوں کے ہاتھوں میں بطور کھلونا دیکھے جا سکتے ہیں۔ بحر حال کسی کو بھی پرانے موبائل فون کا کوئی خاص مصرف سمجھ نہیں آتا۔ ایک طرف یہ مسئلہ کہ پرانے موبائل فونز کا کیا کیا جائے تو دوسری جنگلات میں واضح کمی کا مسئلہ دونوں کے درمیان تعلق کیا ہے؟
ان دونوں کے درمیان تعلق ڈھونڈا ہے ’’رین فوریسٹ کنیکشن‘‘ نے۔ رین فوریسٹ چند نوجوانوں پر مشتمل ایک گروپ ہے جنہوں نے جنگلات میں غیر قانونی طور پر کاٹے جانے والے درختوں کی کٹائی کے خلاف پرانے موبائل فونز کا استعمال کرنے کی ٹھانی۔
جنگلات کی بے دریغ کٹائی موسمیاتی تبدیلی کی ایک وجہ قرار دی جا سکتی ہے۔خصوصاً گھنے جنگلات جہاں کثرت سے بارشیں ہوتی ہیں۔ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹروپیکل رین فاریسٹ میں 90 فیصد کٹائی غیر قانونی ہوتی ہے۔ رین فوریسٹ کنیکشن کی نگرانی کا نظام رین فوریسٹ کے مرکزی علاقے کو محفوظ کرتا ہے اور فوری الرٹس جاری کرتا ہے۔ اس نظام سے ماحولیاتی نظام کے ڈیٹا کو ایک جگہ اکٹھا کرنے میں مدد ملتی ہے۔
اس نظام میں عطیہ شدہ پرانے موبائل فونز کو درختوں کے ساتھ لگایا جاتا ہے اور اسکی بیٹری کی چارج کرنے کے لیے شمسی پلیٹیں لگائی گئی ہیں۔ فون کے ساتھ ہی ایک اضافی مائیکرو فون لگایا گیا ہے جس سے پیچھے موجود ڈیوائس پر آوازیں سنی جا سکیں۔ اس سے مدد ملے گی جیسے ہی کوئی درخت پر کوئی آرا چلانا شروع کرے گا۔ یہ آواز ایک میل کے اندر سنی جا سکتی ہے۔ تنظیم نے ایک ایپ بھی بنائی ہے جس کے ذریعے منتخب شدہ جنگلات سے آوازیں براہ راست سُنی جا سکتی ہیں۔