وزارت اطلاعات ونشریات میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کا امکان

155

اسلام آباد ( میاں منیر احمد) جون میں وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات میں وفاقی سیکرٹری انفارمیشن شفقت جلیل کی ریٹائرمنٹ کے بعد بڑے پیمانے پر ردو بدل ہوگا وزارت کی سینئر ترین آفیسر زاہدہ پروین وفاقی سیکرٹری انفارمیشن کے عہدے کے لیے سب سے مضبوط امیدوار ہیں‘ وہ صدر ممنون حسین کے ساتھ ایوان صدر میں پریس سیکرٹری کے فرائض انجام دے چکی ہیں اس وقت
وزارت میں سینئر ترین افسروں میں ان کا شمار ہوتا ہے یہ بات قابل ذکر ہے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے وزارت اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اپنے تقرر کے بعد وزارت اطلاعات میں سیکرٹری انفارمیشن سمیت اہم عہدوں پر نئی تعیناتیاں کرنا چاہتی تھیں لیکن اب کسی وجہ سے سیکرٹری انفارمیشن کی ریٹائرمنٹ تک یہ عمل روک دیا گیا ۔ سیکرٹری انفارمیشن شفقت جلیل اب اپنی مدت ملازمت مکمل کرنے کے قریب ہیں اور ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد ہی وزارت اطلاعات میں افسروں کی نئی تعیناتیاں ہوں گی جسارت کو معلوم ہوا ہے کہ معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان وزارت اطلاعات میں ایک نئی جہت لانا چاہتی ہیں اور اس کے تمام شعبوں میں شفافیت لانے کی ہامی ہیں اور اس مقصد کے لیے انہوں نے وزارت اطلاعات کے متعدد ریٹائرمنٹ ملازمین سے بھی مشاورت کی ہے اور اب وہ وفاقی سیکرٹری انفارمیشن کی ریٹائرمنٹ کے بعد ہی اپنے فیصلوں پر عمل کریں گی جس کے لیے انہوں نے افسروں کی فہرستیں مرتب کرلی ہیں ۔