ضلعی حکومتوں کے بغیر بلدیاتی نظام قوم کے ساتھ سنگین مذاق ہے

92

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 113کے امیرراناطٰہٰ خاں،جنرل سیکرٹری میاںعتیق الرحمن،نائب امیرڈاکٹرمحمدانوراوردیگرنے کہاہے کہ عجلت میں بنائے گئے حکومت کے نئے بلدیاتی نظام میں ضلع کونسل کو ختم کرکے بیوروکریسی کا تسلط قائم کیا گیا ہے جوکہ عوامی نمائندوں کے وقار کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومتوں کے بغیر بلدیاتی نظام قوم کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔ جب تک بلدیاتی نمائندوں کو اختیار نہیں دیا جائے گا اور محکمے ان کے ماتحت نہیں ہوں گے، اس وقت تک اس کا اصل مقصد پورا نہیں ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ دنیا کے بے شمار ممالک ایسے ہیں جہاں چھوٹے یونٹس قائم کرکے انتظامی بنیاوں پر نظام کو مضبوط کیا گیا ہے اور وہ ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہیں۔ فرانس، برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، جاپان جیسے ممالک کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عوامی رائے کا احترام حکومت کی بنیادی ذمے داری ہے۔ المیہ یہ ہے کہ حکمران عوامی جذبات کو مسلسل مجروح کررہے ہیں۔ ملک کے دفاع اور سلامتی کو مد نظر رکھتے ہوئے بھی دیکھا جائے تو مزید صوبوں کی ضرورت شدت سے محسوس کی جاتی ہے۔انہوںنے کہ حکومتی طرز عمل سے پاکستان کے عوام اضطراب میں مبتلا ہیں۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے قوم کو مایوس کیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران قومی امنگوں اور جذبات کا احترام کریں اور ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں جو ملک و قوم کے مفاد میں ہوں۔ کسی گروہ یاپریشرگروپ کے دبائومیں آکر بنائی جانے والی پالیسیوں سے ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔