سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں بدھ کو ضلع کولگام میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوان کو ضلع کے علاقے تازی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ قابض انتظامیہ نے ضلع کولگام میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کردی ہے۔ کولگام اور شوپیاں کے اضلاع میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے خلاف احتجا ج کرنے والے مظاہرین پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 90 سے زاید افراد زخمی ہوگئے۔ بھارتی فوجیوں نے کولگام کے علاقے تیزی پورہ میں مظاہرین پر گولیوں، پیلٹ گنز اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا۔ زخمیوں کو کولگام کے اسپتال میں داخل کیاگیا۔ بھارتی فورسز کی کارروائی میں ایک مکان بھی تباہ ہوگیا۔ لوگوں کی شدید مزاحمت اور پتھرائو کی وجہ سے بھارتی فورسزآپریشن ختم کرنے پر مجبور ہوئیں۔ لوگوں نے تیزی پورہ میں تباہ شدہ مکان کے ملبے سے ایک مجاہد کو زندہ بچا لیا۔