پیٹرولیم مصنوعات میںاضافہ عوام کو جان سے مارنے کاحکومتی منصوبہ ہے

97

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جے آئی یوتھ پنجاب کے سینئرنائب صدر راناعدنان خان نے کہاکہ عیدسے قبل نیپراکی جانب سے بجلی مہنگی کرنے اور پیٹرولیم مصنوعات میں12روپے کااضافہ عوام کو جان سے مارنے کاحکومتی منصوبہ ہے پی ٹی آئی کی حکومت نے 10ماہ میں جتنی مہنگائی کی ہے پورے چالیس سال میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی عوام کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں لیکن حکومتی وزرا عوام کو صبرکی تلقین کررہے ہیں،بچے بھوک سے بلک رہے ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی،ہرطرح چین کی بانسری بجانے والے ایم این ایزاوروزیراعلیٰ اوروزیراعظم عوام میں نکل کرجائز لیں تو انہیں پتا چلے کہ عوام فاقوںمرنے پرمجبوراورگھروں کا سامان بیچ کرنوالہ حلق میں اتاررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بجٹ سے قبل ہی نئے ٹیکسوں کے نفاذ کے اعلان نے عوام کی زندہ درگور کر کے رکھ دیاہے ہرطرح صف ماتم بچھی ہوئی ہے لیکن پی ٹی آئی کے وزیراعظم قوم کوپتا نہیں کون سی خوشخبری سنانے کی نویددے رہے ہیں تحریک انصاف کے چیئرمین اور موجودہ وزیر اعظم عمران خان نے بڑے بلند و بانگ دعوے کیے تھے مگر بد قسمتی سے وہ بھی محض چہروں کی تبدیلی لانے کے سوا کچھ نہیں کرسکے۔ عوام میں اضطراب اور مایوسی دن بدن بڑھتی چلی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 22کروڑ عوام موجودہ حکمرانوں کا سابقہ حکمرانوں سے موازنہ کرنے پرمجبور ہیں۔ وسائل سے مالامال ملک نا اہل حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت قرضوں کی دلدل میں دھنستا چلا جار ہا ہے۔ جب تک خود انحصاری اور خودمختاری کی پالیسی کو اختیار نہیں کیا جائے گا ملک و قوم ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے۔انہوںنے مزید کہا کہ حکومتی اقدامات عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے ان کی مشکلات میں اضافہ کررہے ہیں۔ ملک میں اس وقت 40فیصد آبادی ایسی ہے جس کو دوقت کی باعزت روٹی میسر نہیں،جبکہ حکمرانوں کے اقدامات دکھاوے اور ڈنگ ٹپائو کے سوا کچھ نہیں۔