پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام دشمن ہے

103

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمن سواتی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ مہنگائی کا سونامی عوام کو بہاکر لے جائے گا۔ موجودہ حکمران ٹولے نے عوام کو ریلیف دینے ٗآئی ایم ایف سے آزادی اور قرضوں کی لعنت کے خاتمے کے وعدوں اور دعوئوں کے ساتھ الیکشن لڑا تھا۔ مگر افسوس کہ اقتدار کے ایوانوں میں براجمان ہونے کے بعد وہ اپنے سارے وعدوں اور دعوئوں کو بھول گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب تو ملکی خزانہ ہی آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے آئی ایم ایف نے اپنے خاص آدمی قومی خزانے پر بٹھا دیئے ہیں ۔اب پاکستان کا بجٹ بھی آئی ایم ایف والے خود ہی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، ڈالر کی اُڑان، بجٹ خسارہ، قرضوں کا بوجھ اور اوپر سے حکومت کی بے تدبیری سے عوام سخت پریشان ہیں۔ مہنگائی ٗ بجلی ٗ گیس کے بلوں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں ۔حکومت کی طرف سے آئے دن مہنگائی کے بم عوام پر برسائے جا رہے ہیں ۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ ان حالات میں اب زیادہ دیر عوام خاموش تماشائی بن کر نہیں بیٹھیں گے۔ عید کے بعد عوام حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں اور مہنگائی کے بڑھتے ہوئے طوفان کیخلاف باہر نکلیں گے۔