برٹش ائر ویز کا پاکستان میں فضائی آپریشن 11 سال بعد بحال

338

پاکستان کے ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے آج اہم دن،برطانیہ کی فضائی کمپنی برٹش ائرویز نے گیارہ سال بعد پاکستان میں سروس دوبارہ بحال کردی۔

لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والی برٹش ائیر ویز کی پہلی پرواز بی اے 261 کے ذریعے 240مسافر لے کر اسلام آباد پہنچ گئی۔ مسافروں کے استقبال کے لیے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان ،معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد موجود تھے۔ واضح رہے کہ برٹش ایئر ویز یورپی فضائی کمپنیوں کی پاکستان میں واپسی کے تحت بحال کرنے والی پہلی یورپی کمپنی بن گئی۔
برٹش ائیرویز کی ہفتہ وار 3پروازیں لندن سے اسلام آباد آئیں گی جس کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ کاؤنٹر قائم کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار بھی کر چکے ہیں۔

 یاد رہے کہ برٹش ائیرویز ستمبر 2008 میں اسلام آباد میں میریئٹ ہوٹل پر دھماکے کے بعد پاکستان کے لیے فضائی آپریشن ختم کر دیا تھا۔ بعدازاں دسمبر 2018 میں برطانوی ایئر لائن نے  پاکستان میں فلائٹ آپریشن دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کیا۔