عالمی مالیاتی ادارے پاکستان میں معاشی بحران کو مزید خراب کرنے کے درپے ہیں

78

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر،جنرل سیکرٹری راشد محموداوردیگرنے کہاہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حد درجہ اضافہ آئی ایم ایف ورلڈ بینک اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کا ایجنڈا ہے۔ عید کے موقع پر پیٹرول کی قیمت تقریباً ساڑھے چار روپے فی لیٹر بڑھانا حکومت کی جانب سے عوام کے لیے ایسا عید کا تحفہ ہے کہ جس نے عید کی خوشیاں ماند کردی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے مہنگائی تیزی سے بڑھ رہی ہے، جس کے منفی اثرات کاروبار پر اثر انداز ہورہے ہیں حکومت اپنے غیر ترقیاتی اخراجات اور اپنی سرکاری مراعات کم کرنے کے بجائے قومی قرضوں کا بوجھ غریب عوام پر ڈال رہی ہے، جس کے نتیجے میں مہنگائی بے روزگاری اور بے چینی بھی بڑھتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے پاکستان میں معاشی بحران کو مزید خراب کرنے کے درپے ہیں اور حکومت آئی ایم ایف کے ہاتھوں یرغمال بن کر رہ گئی ہے۔ عالمی مالیاتی اداروں کی ہر بات تسلیم کرکے قومی قرضوں کا ہجم بڑھانا قومی معیشت کے لیے کوئی نیک شگون نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کی مکمل چاکری پر مامور حکمران ہر ماہ عوام پر پیٹرول بم گرارہے ہیں، رمضان المبارک میں پیٹرول کی بے پناہ قیمتیں بڑھائی گئیں، اب پھر مسائل و مہنگائی میں پسے عوام کو عید کا تحفہ دیا گیا۔ جماعت اسلامی عوام کی ترجمانی کے لیے آئی ایم ایف کی غلامی اورمہنگائی کیخلاف عیدالفطرکے بعد احتجاجی تحریک کا آغازکررہی ہے، ملک کے تمام بڑے شہروں میں امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق کی قیادت میں عوامی مارچ منعقد کریں گے۔ فیصل آبادمیں23جون کو حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جماعت اسلامی کے زیراہتمام چنیوٹ بازار چوک گھنٹہ گھرتک ہونے والے عوامی مارچ میں ہزاروں نوجوان امیرجماعت اسلامی سینٹرسراج الحق کی قیادت میں شریک ہوکرحکومت کی پالیسیوںکے خلاف نفرت کااظہارکریں گے۔