جماعت اسلامی کے رہنما سابق ایم پی اے ڈاکٹر سید وسیم اختر انتقال کرگئے

893

جماعت اسلامی کے رہنما، متعد بار رکن پنجاب اسمبلی رہنے والے ڈاکٹر سید وسیم اختر بہاولپور کے وکٹوریہ اسپتال میں انتقال کرگئے۔ وہ گزشتہ چند ماہ سے علیل تھے۔
ڈاکٹر سید وسیم اختر 9ستمبر 1956کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے قائد اعظم میڈیکل بہاولپور سے ایم بی بی ایس کیا۔ وہ 1990، 2002 اور 2013 میں جماعت اسلامی کی جانب سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔
خوش خلقی، ملنساری اور تواضع ان کی شخصیت کے اہم پہلو تھے۔ بہاولپور اور اطراف کے اضلاع کی ترقی کے لیے انہوں نے زبردست کام کیا۔ نرم دم گفتگو ، گرم دم جستجو کے مصداق وہ پنجاب اسمبلی میں ایک فعال رکن کی حیثیت سے اہم عوامی مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھاتے رہے۔
بہاولپور میں صحت، تعلیم، صفائی ستھرائی کی سہولتوں اور روزگار کی فراہمی میں ڈاکٹر سید وسیم اختر نے گرانقدر کام کیا۔ ہر عمر اور ہر طبقے میں یکساں مقبول ڈاکٹر وسیم اختر جس گلی اور محلے میں نکل جاتے لوگ ان سے مصافحہ کرنے کو اعزاز سمجھتے تھے۔
دعوت کے میدان میں ڈاکٹر وسیم اختر اور ان کے گھرانے نے انتہائی دلجمعی سے کام کیا اور اپنا گھر قرآن کی دعوت کے لیے مختص کیا جہاں شہر بھر سے لڑکیاں اور خواتین قرآن سیکھنے آتیں۔ ڈاکٹر وسیم اختر جماعت اسلامی پنجاب کے امیر بھی رہے۔
وہ گزشتہ چند ماہ سے علیل تھے، آج دوپہر بعد بہاولپور کے وکٹوریہ اسپتال کے آئی سی یو میں انتقال کرگئے۔
ان کی نماز جنازہ کل بروز منگل صبح آٹھ بجے بہاولپور کے عید گاہ گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔