موجودہ حکمران جماعت لوٹوں کی جماعت ہے ،راناعدنان خان

159

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ پنجاب کے سینئرنائب صدر راناعدنان خان نے کہاکہ اُمت مسلمہ با لخصوص پاکستان کے مسائل کا حل ایماندار صالح قیادت ہی کے ذریعے ممکن ہے۔ملک پر وڈیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کی حکومت مسلط ہے جس سے چھٹکارا ہی عوام کے مسائل کا حل ہے۔ قوم کو اس حالت میں پہنچانے کی ذمے دار پی پی اور مسلم لیگ ن بھی ہیں۔ لوٹی ہوئی دولت جب تک سابقہ حکمران قومی خزانہ میں جمع نہیں کروائیں گے قوم انہیں معاف نہیں کرے گی۔ وزیر اعظم عمران خان جو کہتے تھے آئی ایم ایف کے پاس جانے سے خود کشی کرنا بہتر سمجھوں گا آج وہ آئی ایم ایف کی چوکھٹ پر ہیں لیکن پاکستانی عوام خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔انہوںنے کہا کہ موجودہ حکمران جماعت لوٹوں کی جماعت ہے جو گزشتہ حکومتوں کا تسلسل ہے۔ سودی نظام، ڈالر کی اونچی اُڑان نے معیشت کا پہیہ جام کرکے رکھ دیا ہے۔قوم کو بیدار ہونا ہوگا، اپنی ذمے داریوں کو سمجھنا ہوگا۔ جماعت اسلامی 23جون کو مہنگائی ،بے روزگاری اورآئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف چنیوٹ بازارسے گھنٹہ گھرچوک تک امیر جماعت اسلای سینیٹرسراج الحق کی قیادت ں عوامی مارچ کرے گی جماعت اسلامی ملک کو ایک اسلامی، فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران مسلسل عوام پر مہنگائی کا بم گرار ہے ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہو شر با اضافہ افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔اس اضافے سے ملک میں مہنگائی کانیاطوفان آئے گااورغربت کی چکی میں پسے عوام کی زندگی مزید مشکلات سے دوچار ہوجائے گی،اسے فی الفور واپس لیا جائے۔انہوں نے کہاکہ بجلی،گیس، پیٹرولیم مصنوعات، ایل پی جی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں سے عوام تنگ آچکے ہیں۔پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کو شدید مایوس کرکے رکھ دیا ہے۔ مہنگائی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ ایک طرف غربت،مہنگائی،بے روزگاری، بددیانتی،کرپشن جیسے سنگین مسائل نے ملک کا دیوالیہ نکال دیاہے جبکہ دوسری جانب موجود ہ حکمران آئی ایم ایف کی ہدایات پر مختلف ٹیکس لگاکر عوام کاخون نچوڑ رہے ہیں۔تحریک انصاف کی حکومت میں عام آدمی کے حالات بہترہونے کی بجائے بدترہوتے جارہے ہیں۔ مہنگائی اور بے روزگاری نے غریب عوام کو فاقہ کشی اور خودکشی پر مجبورکردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جھوٹی تسلیوں اوردلاسوں سے عوام کی حالت زار نہیں بدل سکتی۔ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں پرعمل پیراہے۔حکمرانوں کو عوام کے دکھ درد کا احساس نہیں۔ تبدیلی کے نام پر عوام کو مسائل میں اضافے کے سوا کچھ نہیں ملا۔ملکی مسائل کم ہونے کی بجائے مسلسل بڑھتے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک میں بڑے پیمانے پر تبدیلی اور اصلاحات کی ضرورت ہے۔ملک میں وسائل کی کمی نہیں مگر عوام کی فلاح وبہبود کے لیے امانت ودیانت رکھنے والے نمائندوں کافقدان ہے۔ 70برسوں سے عوامی مسائل میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں آئی بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ان میں اضافہ ہوتا چلا جا رہاہے۔حکومت کو عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے چاہئیں۔جب تک22کروڑ عوام کی زندگی میں آسودگی نہیں آتی تب تک ملک ترقی نہیں کرسکتا۔