عیدالفطرکی آمد ، مہنگائی نے بھی اپنارنگ دکھاناشروع کردیا

53

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115کے امیرمیاںاجمل حسین بدر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ عیدالفطرکی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی نے بھی اپنارنگ دکھاناشروع کردیاہے، سارا رمضان ہوشربامہنگائی میں عیدکے آمدکے ساتھ ہی مزیداضافے نے غریبوںکی چیخیں نکلوادیں ہیں۔قوم کو سادگی کا درس دینے والاحکمران ٹولہ قوم کے پیسوں پرعمرہ کی ادائیگی کررہاہے ،مزیدمہنگائی کا مژدہ سنانے والا عمران خان اقتدارمیں آنے سے قبل قوم کو ہرچیزفری فراہم کرنے کا وعدہ کرتارہاہے لیکن اب قوم کو تکالیف برداشت کرنے کادرس دے رہاہے۔انہوں نے کہاکہ جتنی تکلیف قوم برداشت کررہی ہے اس کا ایک فیصد بھی حکمران طبقہ برداشت کرلے تو عوام کو مہنگائی سے نجات مل سکتی ہے۔رمضان بازاروںمیں عوام کو بے وقوف بنانے کے بعدعیدبازاروںکاوہ حال ہے جیسے صدیوں سے یہاںکوئی آبادہی نہیں ہوااور اگر اکا دکا بازاروں میں اشیا خورونوش کاسامان دستیاب بھی ہے تو وہ دیگر بازاروںسے کئی گنا زیادہ مہنگاہے ،کسی قسم کا کوئی چیک اینڈبیلنس نہیں اورنہ ہی کوئی پرائس کنٹرول کمیٹی کانمائندہ ان بازاروںمیں نظرآتاہے ،مہنگائی کے باعث غریب عیدکی خریداری کرنے سے قاصر ہیں جبکہ اکثرسرکاری اورنجی اداروںکے ملازمین کو ابھی تک تنخواہیں ہی ادانہیں کی گئی جس کے باعث ان کے چولہے عیدالفطر پر بھی ٹھنڈے ہی رہنے کا اندیشہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت ہرطرح سے ناکام ہوچکی ہے ،عیدالفطرکے بعداس کیخلاف چلنے والی تحریک حکومت کی ناقص پالیسیوںکی بدولت اس کولے ڈوبے گی۔
لاڑکانہ، بلاول زرداری کے چلڈرن اسپتال کے دورے کے بعد دوبارہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے
لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کے چلڈرن اسپتال کے دورے کے بعد دوبارہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے، اسپتال کا فضلا بھی تلف کرنے کے بجائے کچرہ کنڈی پر پھینکا جانے لگا، بیماریوں کے پھیلنے کا انکشاف۔ چانڈکا چلڈرن اسپتال کے مین گیٹ کے قریب موجود کچرے میں خون آلود سرنجز، ڈرپس موذی جراثیم پھیلانے کا سبب بننے لگے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن عملہ اسپتالوں کے سامنے کچرہ کنڈیاں ختم کرنے میں ناکام دکھائی دیتا ہے، تاہم جب بھی کوئی وی آئی پی موومنٹ ہوتی ہے تو پوری انتظامیہ حرکت میں آ کر صفائی ستھرائی کے انتظامات مکمل کیے جاتے ہیں۔ 26 مئی کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کی آمد کے روز صفائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ بلاول زرداری کے دورے کے بعد متعلقہ حکام غائب، دوبارہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔