پنجاب کے نااہل حکمرانوں کوشرم سے ڈوب مرناچاہیے،ڈاکٹرطارق سلیم

108

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ وزیر اعلیٰ سمیت پنجاب کی پوری کابینہ نااہلوں کا ٹولہ ہے ،ن لیگ ،پیپلزپارٹی اورمشرف لیگ سے جمع کیے گئے ممبران اوروزرا عوام کوریلیف دینے کے بجائے اپنے مفادات کے تحفظ میں لگے ہیں ،کپتان سمیت ان کی ٹیم پوری دنیا سے بھیک مانگ رہی تھی اب بیوروکریسی کوبھی انہوں نے بھیک مشن پرلگا دیا ، ملتان میں 80فیصدعوام صاف پانی سے محروم ہیں اور ایم ڈی واسا واٹرپلانٹ چلانے کیلیے مخیرحضرات سے اپیلیں کررہے ہیں ،پنجاب کے نااہل حکمرانوں کوان حالات میں عیاشیوں اورمراعات انجوائے کرنے کے بجائے شرم سے ڈوب مرنا چاہیے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے عیدالفطرکے موقع پر ملاقات کیلیے آنے والے وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم منظورنظرصحافیوں سے، اپنے خلا ف سازش کی ٹیبل اسٹوریاں چلوانے کے بجائے عوام کو ریلیف دینے کیلیے عملی اقدامات کریں، جماعت اسلامی مسائل میں گھری عوام کوتنہا نہیں چھوڑے گی ،16جون سے امیرجماعت سینیٹرسراج الحق کی قیادت میں لاہورسے احتجاجی تحریک کا آغازکررہے ہیں ملک کے بڑے شہرو ں میں نااہل اورآئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں کے خلاف عوامی مارچ ہوں گے جوعوام کی ترجمانی کا بھرپوراظہارہوگا ۔انہوں نے کہاکہ ن لیگ اورپیپلزپارٹی کا نیاچہرہ تحریک انصاف ہے قوم کو کرپٹ اشرافیہ سے جان چھڑانے کیلیے طویل جدوجہدکی ضرورت ہے ۔