اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قانون شہباز شریف کی آمد کا منتظر ہے‘ امید ہے کہ وہ اپنے بیٹے اور داماد کو بھی ساتھ لائیں گے‘ مریم صفدر والد کو ملک و قوم پر ترجیح نہ دیں۔ جمعرات کو اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہاکہ آئین و قانون نے مریم صفدر کے والد کو جو سزا دی ہے تو اسے تسلیم کریں‘ آئین و قانون کو اپنے تابع کرنے والوں کو پہلی دفعہ قانون کے تابع ہونا ناگوار گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پانامالیکس میں جو انکشافات ہوئے وہ پوری قوم کے سامنے ہیں‘ مریم اور ان کے والد اور بھائیوں کے تضادات پر مبنی انٹرویو ہم نے نہیں چلوائے تھے۔ انہوں نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قانون آپ کی آمد کا منتظر ہے۔ امید ہے آپ اپنے بیٹے اور داماد کو بھی ساتھ لائیں گے۔