ناجائز منافع خور مافیا نے عید پر مرغی، گائے اور بکرے کے گوشت کی من مانی قیمتیں وصول کیں

327

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) عید تعطیلات کے دوران بھی گراں فروشی کا بازار گرم رہا مرغی، گائے بکرے کے گوشت کی من مانی قیمتوں پر فروخت کا سلسلہ چاند رات کے دن سے ہی شروع ہوگیا جو عید کی تعطیلات میں بھی جاری رہا۔

عید الفطر کے دوران گراں فروشی نے بچھیا کے گوشت کی قیمت مزید 50 روپے اضافہ سے 650 روپے کلو وصول کی ہڈی والے بچھیا کے گوشت کی قیمت 550 روپے کلو وصول کی گئی مرغی کا صاف گوشت 280 سے 300 روپے کلو قیمت پر فروخت کیا گیا۔

عید پر شیر خورمہ اور دودھ کی میٹھی سوغاتوں کے لیے دودھ کی اضافی طلب کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دودھ فروشوں نے بھی مہنگائی کی گنگا میں ڈبکیا لگاہیں دودھ دہی غیر سرکاری قیمت پر فروخت ہوا اور پاؤڈر والے خشک دودھ سے تیار کردہ دودھ کو فریش ملک قرار دے کر فروخت کیا گیا۔

عید پر پھلوں کی قیمت بھی کم نہ ہوسکی آم کی بھرپور سپلائی کے باوجود آم 150 سے 200 روپے کلو فروخت ہوا آڑو 150 سے 200 روپے کلو کیلے 140 سے 180 روپے درجن خربوزہ گرما 60 سے 80 روپے کلو فروخت ہوتا رہا۔

سبزی منڈی کی تعطیل کا فائدہ اٹھاکر سبزی فروشوں نے بھی من مانی قیمتیں وصول کیں ٹماٹر 60 سے 80 روپے کلو فروخت کیا سلاد کا سامان کھیرا گاجر سلاد کے پتے ککڑی وغیرہ بھی مہنگے داموں فروخت کی گئیں پیاز کی قیمت 60 سے 80 روپے تک وصول کی گئی۔

علاوہ ازیں نائیوں، رکشہ والوں پنکچر والوں نے بھی عیدی کے نام پر عام دنوں سے زائد اجرت وصول کی۔ بعض علاقوں میں تنوری روٹیاں بھی 10 کے بجائے 12 روپے اور چپاتیاں 7 کے بجائے 10 روپے میں فروخت کی گئیں۔