کمیونٹی کو ساتھ لے کر مستقبل کے لئے بہترین، صاف اور صحت مند ماحول کو تشکیل دینا ہوگا،گورنر سندھ

245

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ شہریوں کو آرام دہ سہولیات کی فراہمی میں باغات اہمیت کے حامل ہیں، اس ضمن میں عوام کو پر فضا، صحت افزا اور آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے دہلی مرکنٹائل ہاؤسنگ سوسائٹی میں فیملی پارک کے افتتاحی موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق کلین اینڈ گرین پاکستان کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں،

کراچی میں شجر کاری مہم تسلسل سے جاری ہے جبکہ موجودہ حکومت نے شجرکاری مہم کا اہتمام بڑے جوش و خروش سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ درختوں کو محفوظ بنانے کا عمل خوش آئند ہے جبکہ دیگر ادارے بھی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں،

گورنر سندھ نے کہا کہ زمین، ماحول اور پانی ہماری زندگی کے اہم حصے ہیں، اس کا خیال رکھنا ہماری اولین فرائض میں شامل ہونا چاہئے، قومی سطح پر اس شعور کو اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے، ہمیں کمیونٹی کو ساتھ لے کر مستقبل کے لئے بہترین، صاف اور صحت مند ماحول کو تشکیل دینا ہوگا۔،

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ شجر کاری مہم میں نجی اداروں کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں صحت، تعلیم، روزگار اور کم آمدنی والوں کو رہائش کی فراہمی شامل ہے،

وفاق جلد غریبوں کو سستی رہائشی سہولیات فراہم کرے گی جبکہ ہیلتھ کارڈ کا بھی اجراء کیا جا رہا ہے۔،

میڈیا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ بچوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لیے مزید موثر قانون سازی کی جارہی ہے، جہاں پر ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام ہوجاتی ہے وہاں سماجی ادارے ذمہ داری پوری کرنے کے لئے سامنے آتے ہیں۔