جموں کشمیر بھارت کا کبھی حصہ تھا نہ آئندہ بنے گا، سید علی گیلانی

135

سری نگر(صباح نیوز)چیئرمین حریت سید علی گیلانی نے بھارت کے وزیر اعظم کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر دیے گئے حالیہ بیان کو تاریخی و زمینی حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کے عوام پچھلے 71برس سے اپنے ’’حق خودارادیت‘‘ کے لیے مصروف عمل ہیں۔ حریت رہنما نے نریندر مودی کے بیان پر شدید ردّعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر بھارت کا کبھی حصہ تھا اور نہ آئندہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے کسی بھی حصے کو کاٹ کر مانگنے کے روادارتھے اور نہ ہیں، البتہ کشمیری عوام جموں وکشمیر کی ریاست پر بھارت کے جبری اور ناجائز فوجی قبضے کے خلاف برسرِ پیکار ہیں۔ حریت رہنما نے بھارتی وزیر اعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے فوجی زبان میں بات کرنے کے بجائے تاریخی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے اپنے عوام کو کسی ابہام میں رکھنے کی ناکام کوشش نہ کریں۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک متنازع اور زندہ حقیقت ہے ، اقوامِ متحدہ کے میز پر اس حوالے سے ڈیڑھ درجن کے قریب قراردادیں بھارتی وزیر اعظم کے دعوے کو مسترد کرنے کے لیے کافی ہیں۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ سمیت امریکا، برطانیہ، فرانس، روس اور چین جیسی عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست جموں وکشمیر پر بھارتی قبضے، کشمیری عوام پر بھارتی مظالم اور قابض فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا نوٹس لیں۔ حریت رہنما نے کہاکہ دہشت گردی کو کسی بھی مہذب سماج میں پذیرائی حاصل نہیں ہوسکتی۔ حریت رہنما نے اس امر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض عالمی طاقتیں تحریک حق خود ارادیت پر دہشت گردی کا لیبل لگانے میں دہرے معیار سے کام لے رہے ہیں۔ حریت چیئرمین نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست جموں کشمیر ی عوام پرقابض فوج کے بدترین مظالم کا سنجیدگی سے نوٹس اور اس دیرینہ تنازع کو جلد از جلد حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔