نیب نے حمزہ شہباز کو گرفتار کر لیا

340

لاہور ہائی کورٹ نے منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر مل کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔ جس کے بعد قومی احتساب بیورو نے حمزہ شہباز کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس مظاہر اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے عبوری ضمانت کے لیے دائر درخواستوں کی سماعت کی تاہم دوران سماعت حمزہ شہباز کے وکلا نے ضمانت کی درخواستیں واپس لے لیں، جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے درخواست ضمانت خارج کر دی۔
نیب کے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل جہانزیب بھروانہ نے مؤقف اپنایا کہ حمزہ شہباز کے اثاثے آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے، حمزہ اور ان کی فیملی نے منی لانڈرنگ کی۔

نیب کی جانب سےحمزہ شہبازکے لیے دوسری گاڑی منگوائی گئی جبکہ ہائی کورٹ کے احاطےمیں ن لیگی کارکنان کی جانب سے نعرے بازی کی گئی۔حمزہ شہباز کو نیب ہیڈکوارٹر منتقل کیا جائے گا اور ریمانڈ کے لئے احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 6 اپریل کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے دو بار حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لئے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا تاہم نیب انھیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی تھی۔