تبدیلی وخوشحالی کے سارے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے

96

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی پی پی 115کی یوسی 57کا اجتماع جامع مسجدعثمانیہ میں منعقد ہواجس سے جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیر محبوب الزماںبٹ،پی پی115کے جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ،مقامی رہنما غلام مرتضیٰ، عمر پراچہ ، اسلامی جمعیت طلبہ کے جنرل سیکرٹری محمدسلمان اور دیگرنے خطاب کیا۔رہنمائوں نے کہاکہ تبدیلی وخوشحالی کے سارے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے،ملک وقوم عالمی مالیاتی اداروں کے پاس گروی، مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے، روٹی کپڑا اور مکان کے دعوے داروں نے بھی عوام سے روٹی کا نوالا چھین لیا ہے حقیقی تبدیلی اورخوشحالی سمیت عوام کے تمام ترمسائل کا حل صرف قرآن وسنت کے نفاذ میں مضمر ہے،23جون کو مہنگائی ،بے روزگاری اورآئی ایم ایف کی غلام کے خلاف عوامی مارچ میں پی پی115سے کارکنان اور عوام کی کثیرتعدادشریک ہوکرحکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوںکے خلاف احتجاج کرے گی۔امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق کی قیادت میں چنیوٹ بازارسے چوک گھنٹہ تک ہونے والے اس عوامی مارچ میں فیصل آبادکے ہزاروں افرادشریک ہوں گے۔یوسف گل پراچہ نے کہاکہ جماعت اسلامی محض چہروں کو نہیں بلکہ پورے نظام کو تبدیل کرنے کی جدوجہد کررہی ہے کیونکہ فرسودہ نظام اورکرپٹ قیادت نے مہنگائی بیروزگاری ، محرومیوں اورکرپشن کے سوا کچھ بھی نہیں دیا ہے۔ جماعت اسلامی ہی ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے ہم ایسا نظام چاہتے ہیں جہاں غریب طبقہ اور محنت کش خوشحال ہوں یہ سب کچھ اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان میں ہی مضمر ہے،انہوں نے کہاکہ پنجاب کی زراعت اور کاروبار کو مفلوج بنادیا گیا، باقی کسر بجلی کے بحران نے پوری کردی ہے لگتا ہے کہ حکمرانوں کو عوام کی کوئی پرواہ ہی نہیں ہے، نوجوانوں کے لیے کوئی زریعہ معاش موجود نہیں ہے، حکومت اپنے کالے کرتوتوں اور کرپشن کوچھپانے پر مجبور ہے، تعلیمی ادرے تباہ کردیے، سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی قلت اور ڈاکٹر کی کمی ہے، تعلیمی اداروں کی عمارتیں زبوں حالی کا شکار ہیں یہ سب کچھ ان کی نااہلی وکرپشن اوراقرباپروری کا نتیجہ ہے جس کا خمیازہ عوام آج تک بھگت رہے ہیں،عوام کو اپنی حالت بدلنی ہے تو انہیں اہل ودیاندتدا قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان کا مقصد ظلم کے نظام کا خاتمہ اوراسلام کا عدل انصاف اورمساوات کا نظام قائم کرنا تھا مگرآج ملک میں ظلم وناانصافیوں کا دور دورہ ہے،قیام پاکستان سے لیکرابتک جتنے بھی حکمران آئے انہوں نے قیام پاکستان کے مقاصد کو فراموش کردیا۔جماعت اسلامی ملک میں عدل کے نظام کے لیے کوشاں ہے تاکہ دنیا وآخرت میں کامیابی مل سکے۔اصلاح معاشرہ اورشریعت کے نفاذ کے لیے عوام جماعت اسلامی کے ساتھ دے۔