بجٹ سے عوام کا حکومت پر اعتماد مستحکم ہوگا،وزیر اعلیٰ بلوچستان

110

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ مالی سال 2019-20ء کے صوبائی بجٹ سے عوام کا حکومت اور حکومتی اداروں پر اعتماد مستحکم ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بجٹ کی تیاری، تجاویز اور صوبائی سطح کے مجوزہ میگا پروجیکٹس کو حتمی شکل دینے کے لیے اجلاس کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات، سیکرٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک تھے ۔ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں ایسے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا گیا جن پر عملدرآمد سے غربت کا خاتمہ، مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں میں اضافہ، روزگار کے بہتر مواقعوں کی فراہمی، پیداواری شعبوں کی ترقی اور صوبے کے وسائل میں اضافے کے ذریعے اسے خودانحصاری کی راہ پر گامزن کرنا ممکن ہوسکے ، منصوبوں میں صحت، تعلیم، انسانی وسائل، اسکل ڈیولپمنٹ، مواصلات، زراعت، ماہی گیری، معدنیات، لائیو اسٹاک، پانی، توانائی اور سیاحت جیسے شعبوں کی ترقی کو ترجیح حاصل رہے گی، پی ایس ڈی پی میں محکمانہ طور پر تیار کیے گئے منصوبوں اور حلقہ وار اسکیموں کوبھی شا مل کیا جائے گا، اجلاس میں بلوچستان کی زرعی، سمندری اور معدنی پیداوار کی مارکیٹ تک رسائی اور اس کی ویلیو ایڈیشن کے لیے کولڈ اسٹوریج، پیکنگ، گریڈنگ سمیت دیگر سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر عملدر آمد کرنے جبکہ ان منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے فروغ سے بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان