منی لانڈرنگ کیس : نیب نے آصف زرداری کو احتساب عدالت پہنچا دیا

277
نیب ٹیم نے گرفتار آصف زرداری کو احتساب عدالت پہنچادیا

اسلام آباد: نیب نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو احتساب عدالت پہنچادیا ہے۔

ذرائع کے مطابق میگا منی لانڈرنگ کیس میں گرفتارسابق صدر آصف علی زرداری کو احتساب عدالت پہنچادیا گیا ہے جہاں نیب کی جانب سے ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
سابق صدر کی عدالت میں پیشی کے موقع پر احتساب عدالت کے اندر اور باہر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس کے 300 اہلکار نیب راولپنڈی کے دفتر اور 500 اہلکار احتساب عدالت کے باہر تعینات کئے گئے ہیں جب کہ رینجرز اہلکار بھی گشت کررہے ہیں، اس کے علاوہ نیب پنڈی کےدونوں اطراف کی سٹرکیں مکمل بند کردی گئی ہیں۔پولیس کی جانب سے جوڈیشل کمپلیکس میں غیر متعلقہ افراد اور سیاسی کارکنوں کو داخلے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

واضح رہے کہ نیب نے گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے آصف زرداری کی مستقل ضمانت کی درخواست مسترد ہونے پر انہیں زرداری ہاؤس سے گرفتار کیا تھا۔