نریندر مودی کو پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت مل گئی

550

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

بھارتی ہائی کمیشن کی طرف سے نریندر مودی کے طیارے کو 13 جون کیلئے پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے کی باضابطہ درخواست پاکستانی حکومت کو بھیجی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے کرغزستان کے شہر بشکیک جائیں گے جس کے لیے بھارت نے مودی کے طیارے کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت کی درخواست کی تھی۔پاکستان کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد بھارتی وزیراعظم کا طیارہ پاکستان کی حدود سے گزر کر بشکیک جاسکے گا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کا 2 روزہ اجلاس کل سے بشکیک میں شروع ہورہا ہے جس میں وزیراعظم عمران خان بھی شرکت کریں گے۔

یاد رہے فروری میں پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان نے اپنی فضائی حدود بھارت کے لیے بند کردی تھی جس سے بھارت کو روزانہ کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔ دہلی سے ایمسٹر ڈیم اور یورپ کے دیگر شہروں کی پرواز کے دورانیے میں22فیصد اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے بھارتی ایئرلائنز کو اوسطاً 913کلومیٹر زیادہ فاصلہ طے کرنا پڑرہا ہے۔ طویل پروازوں کے سبب ہونے والے اخراجات کے باعث بھارتی ایئرلائن جیٹ ایئر اپنے طیارے گراؤنڈ کرچکی ہے یہاں تک کہ اسٹاف کو تنخواہوں کی ادائیگی سے بھی قاصر ہے۔