حکومت کا بجٹ غریب عوام کیلئے بم ہے،مشتاق خان

83

پشاور (وقائع نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کا بجٹ غریب عوام کے لیے بم ہے۔ اکنامک سروے آف پاکستان نے حکومت کی معاشی ، صنعتی اور زرعی ترقی کا پول کھول دیا ہے۔ حکومت مہنگائی میں اضافے کے سوا کسی قسم کے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ حکومت نے چند ماہ میں ہی خود کو ناکام ترین حکومت ثابت کردیا ہے۔ جی ڈی پی گروتھ 3.3فیصد ہے، وزیراعظم نے اپنے خطاب میں 9ماہ کے دوران قرضوں کی پوری تفصیل نہیں بتائی ۔ موجودہ حکومت نے صرف 9ماہ میں 5500ارب روپے قرض لیا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں کسی حکومت نے اتنے مختصر وقت میں اتنا بڑا قرضہ نہیں لیا۔ انہوںنے کہا کہ 6800ارب روپے کے بجٹ میں 3000ارب روپے کا خسارہ ہے، حکومت 5550ارب روپے کے ٹیکس لگا رہی ہے جو عوام پر ظلم ہے۔ حکومت نے پاکستان آئی ایم ایف کو ٹھیکے پر دے دیا ہے۔ ڈالر کی قیمت پھر بڑھ گئی ہے جس کی وجہ سے اشیائے ضروریہ ، تیل ، گیس اور ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کینسر ہے، احتساب کو مذاق بنادیا گیا ہے، حکومت دوسرے چوروں کا احتساب کررہی اور اپنے چوروں کو بچا رہی ہے۔یہ تیرا چور مردہ باد میرا چور زندہ باد کی بدترین مثال ہے۔ حکومت نے جن چوروں کو پکڑا ہے ان سے بھی اب تک کوئی ریکوری نہیں کی گئی۔ حکومت مزید یہ ڈرامہ بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سے مہنگائی کا سونامی آئے گا، حکومت نے اپنی نااہلی اور نالائقی سے معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے۔ آئی ایم ایف مارکہ بجٹ عوام دشمن بجٹ ہے، بجٹ کے خلاف ہر مکتبہ فکر کی نمائندگی پر مشتمل پوسٹ بجٹ سیمینار کا انعقاد کریں گے۔ عوام دشمن بجٹ اور بدترین مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم عوام دشمن اور مہنگائی کا سیلاب لانے والے اس بجٹ کو مسترد کرتے ہیں۔