بجٹ میں ٹیکسوں کی بھرمار ہے ،غریب عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا

106

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی اور جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد نے کہا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کا تیار کردہ بجٹ عوام پر مسلط کر دیا ہے۔ جس میں ٹیکسوں کی بھر مار ہے اور غریب آدمی کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی کے ضلعی عہدیداروں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ عوام جو کہ پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے سخت پریشان ہیں ۔موجودہ بجٹ میں تمام روز مرہ ضروریات کی اشیاء پر 8 فیصد سے لے کر 17 فیصد تک سیلز ٹیکس لگا دیا گیا ہے ۔اب بجٹ کے بعد مہنگائی کا ایک سونامی آئے گا۔ جو کہ عوام کی رہی سہی قوت خرید بھی ختم کردے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سے عام آدمی کو سخت مایوسی ہوئی ہے۔آئی ایم ایف نے اپنے خاص اہلکار پہلے ہی پاکستان بھیج دیے تھے۔افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے پاکستان کا خزانہ آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا ہے۔ اب وہ اپنے دیے ہوئے قرضے کی وصولی کے لیے ٹیکسوں کا شکنجہ کس رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کاکام عوام کو سہولیات اور ریلیف فراہم کرنا ہوتا ہے۔موجودہ حکومت جب سے آئی ہے ۔مسلسل مہنگائی کے بم عوام پر برسا رہی ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت بجٹ میں لگائے گئے ناروا ٹیکسوں کو فوری طور پر واپس لے ورنہ مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں گے۔