حکومت مہنگائی میں اضافے کے سوا کوئی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے

87

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115کے امیرمیاںاجمل حسین بدر ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت کا بجٹ غریب عوام کے لیے بم ہے۔ اکنامک سروے آف پاکستان نے حکومت کی معاشی، صنعتی اور زرعی ترقی کا پول کھول دیا ہے۔ حکومت مہنگائی میں اضافے کے سوا کسی قسم کے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ حکومت نے چند ماہ میں ہی خود کو ناکام ترین حکومت ثابت کردیا ہے۔ جی ڈی پی گروتھ 3.3 فیصد ہے، وزیراعظم نے اپنے خطاب میں 9ماہ کے دوران قرضوں کی پوری تفصیل نہیں بتائی۔ موجودہ حکومت نے صرف 9ماہ میں 5500 ارب روپے قرض لیا ہے ۔ پاکستان کی تاریخ میں کسی حکومت نے اتنے مختصر وقت میں اتنا بڑا قرضہ نہیں لیا۔ انہوںنے کہا کہ 6800ارب روپے کے بجٹ میں 3000 ارب روپے کا خسارہ ہے، حکومت 5550 ارب روپے کے ٹیکس لگا رہی ہے جو عوام پر ظلم ہے۔ حکومت نے پاکستان آئی ایم ایف کو ٹھیکے پر دے دیا ہے ۔ ڈالر کی قیمت پھر بڑھ گئی ہے جس کی وجہ سے اشیائے ضروریہ، تیل، گیس اور ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کینسر ہے، احتساب کو مذاق بنادیا گیا ہے، حکومت دوسرے چوروں کا احتساب کررہی اور اپنے چوروں کو بچا رہی ہے۔یہ تیرا چور مردہ باد میرا چور زندہ باد کی بدترین مثال ہے۔ حکومت نے جن چوروں کو پکڑا ہے ان سے بھی اب تک کوئی ریکوری نہیں کی گئی۔ حکومت مزید یہ ڈراما بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سے مہنگائی کا سونامی آئے گا، حکومت نے اپنی نااہلی اور نالائقی سے معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے۔ آئی ایم ایف مارکہ بجٹ عوام دشمن بجٹ ہے23جون کو فیصل آبادمیں امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق کی قیادت میں عوام دشمن بجٹ اور بدترین مہنگائی کے خلاف چنیوٹ بازارسے گھنٹہ گھرتک عوامی مارچ کریں گے۔