بلدیہ کراچی: افسران کی تنخواہوں کی ادائیگی کا غیر معروف اصول ختم

121

کراچی (رپورٹ: محمد انور) بلدیہ کراچی نے افسران کی تنخواہوں کی ادائیگی معروف اصولوں کے مطابق کرکے افسران کی تنخواہیں ان کی پوسٹنگ کے مطابق ہی جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ بلدیہ عظمیٰ میں طویل عرصے سے غیر معروف اصولوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے مختلف افسران کی تنخواہیں اس پوسٹ کے تحت نہیں دی جاتی تھیں جہاں وہ تعینات ہوتے تھے بلکہ کسی بھی خالیاسامی سے تنخواہ ایڈجسٹ کر دی جاتی تھی۔ اس غیر معروف اصول کے باعث محکمہ لیگل سے اینٹی انکروچمنٹ اور ڈاکٹر کی اسامی سے ایڈمنسٹریشن کے افسران تنخواہ حاصل کر لیا کرتے تھے۔ تنخواہ کی ادائیگی اسی اسامی سے دینے کے فیصلے کے تحت اب کسی بھی افسر کی تنخواہ کسی اور اکاؤنٹس سے جاری نہیں کی جائے گی۔ اس ضمن میں تمام افسران کو ہدایت نامے جاری کردیے گئے ہیں۔ جس میں واضح کیا گیا ہے کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل ایف آڈٹ کو بھی واضح ہدایت کی جاچکی ہے کہ کسی بھی افسر کی تنخواہ غیر متعلقہ پوسٹس سے جاری نہیں کی جائے۔ جبکہ دوسری طرف کے ایم سی کی مجاز اتھارٹی نے اپنے تمام محکموں کو مطلع کیا ہے کہ مالی سال -2018 19 کے بجٹ کھاتے 18جون کو بند کر دیے جائیں گے۔ لہٰذا تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی جاتی ہے تمام اخراجات کے بل معہ سپلیمنٹری بلز18 جون سے قبل محکمہ فنانس و اکاؤنٹس کو بھیج دیے جائیں۔ اس تاریخ کے بعد کسی بل کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ یہ ہدایت میٹروپولیٹن کمشنر سید سیف الرحمن نے یکم جون کو ارسال کیے گئے سرکلر میں کہی۔
بلدیہ کراچی