راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجا محمد جواد نے کہا ہے کہ عالمی طاغوت کے غلام حکمران مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن کی صورت پاکستانی عوام پر مسلط ہیں، آئی ایم ایف کا تیار کردہ ظالمانہ بجٹ پیش کرکے حکومت نے پسے ہوئے طبقات پر خودکش حملہ کیا۔ بجٹ میں سارا زور ٹیکس اور اشیا کی قیمتیں بڑھانے پر دیا گیا ہے۔ عام آدمی کو درپیش مشکلات کے حل اور مہنگائی کو کم کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ بجٹ الفاظ کا وہ گورکھ دھندہ ہے جو خود معاشی افلاطونوں کی سمجھ میں بھی نہیں آرہا۔ دس ماہ کی قلیل مدت میں حکومت نے یہ تیسرا بجٹ پیش کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راجا محمد جواد نے کہا کہ صحابہ کرامؓ اور اسلامی تاریخ کے حوالے سے عمران خان کی گفتگو انتہائی غیر سنجیدہ اور جہالت کی عکاس ہے، اب وہ کنٹینر پر کھڑے کھلنڈرے کھلاڑی نہیں، ایک اسلامی ملک کے وزیر اعظم ہیں انہیں بات اور عمل کرنے سے قبل سو بار سوچنا چاہیے۔ اسلامی غزوات کے بارے میں غیر ذمے دارانہ گفتگو پر انہیں قوم سے فی الفور معافی مانگنی چاہیے۔