سندھ حکومت کی عدم دلچسپی ‘ میونسپل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ 4 سال سے غیر فعال

172

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) حکومت سندھ کی عدم دلچسپی کے باعث بلدیاتی افسران اور منتخب نمائندوں کو بلدیاتی امور کی ضروری تربیت فراہم کرنے والا ادارہ ” میونسپل ٹریننگ اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کراچی ” بند ہونے کی حد تک غیر فعال ہوچکا ہے۔ اس ادارے کے فنکشنل نہ رہنے کی بنیادی وجہ اس کی عمارت میں ” عدالتوں کی منتقلی ” بتائی جارہی ہے۔ خیال رہے کہ 2010ء میں آئین کی 18 ویں ترمیم کے نتیجے میں وزارت بلدیات ودیہی ترقیات کی وزارت کو ختم کرکے اس کے امور صوبوں کے حوالے کردیے گئے تھے جس کے نتیجے میونسپل ٹریننگ اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ بھی سندھ حکومت کے محکمہ بلدیات کے سپرد کردیا گیا تھا۔ اس انسٹیٹیوٹ کا کام بلدیاتی افسران اور ناظمین ، مئیر سمیت دیگر منتخب نمائندوں کو بلدیاتی امور کے حوالے سے ٹریننگ دینا ہے۔ تاہم 2016ء کے وسط میں کلفٹن میں واقع اس انسٹیٹیوٹ کی عمارت کو وزیراعلیٰ سندھ کے حکم پر عارضی بنیاد انسداد دہشت گردی کی اسپیشل کورٹس کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ جس کے بعد میونسپل ٹریننگ اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے عملے کو محکمہ لوکل گورنمنٹ کے دفتر واقع صدر منتقل کردیا گیا۔ لیکن انسٹیٹیوٹ کے دفاتر وغیرہ کی منتقلی سے ایم ٹی آر آئی کا تقریبا سارا نظام بری طرح متاثر ہونے لگا۔ ادارے کے ذمے داروں نے انسٹیٹیوٹ چلانے کے لیے کراچی سے باہر سندھ کے دیگر دفاتر ٹریننگ کا اہتمام کرنے لگے مگر یہ سلسلہ بھی تادیر نہیں چل سکا جس کے نتیجے میں چند ذمے دار افسران نے اپنے دیگر اداروں میں تبادلے کرالیے۔ جبکہ دوسری طرف حکومت سندھ نے اس اہم ادارے کی عمارت کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کوئی کوشش تک نہیں کی۔ اس صورتحال کی وجہ سے میونسپل ٹریننگ اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ غیر فعال ہوکر محکمہ لوکل گورنمنٹ بورڈ میں منقسم ہوچکا ہے۔ سرکاری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ایم آر ٹی آئی کے غیر فعال ہونے سے رواں منتخب بلدیاتی دور کے کسی منتخب شخصیت کو نظام سے متعلق تربیت نہیں دی جاسکی۔ جبکہ ایم آر ٹی آئی کی عمارت میں عارضی بنیاد پر قائم کی گئیں انسداد دہشت گردی کی بیشتر عدالتیں سینٹرل جیل کراچی میں نئی عمارت میں منتقل بھی کی جاچکی ہیں تاہم اس عمارت میں اینٹی نارکوٹکس اور دیگر عدالتوں کو منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت مذکورہ عمارت کا قبضہ دوبارہ حاصل کرکے ایم ٹی اینڈ آر آئی کے حوالے کرے تو ایک اہم ترین محکمہ دوبارہ فعال ہوسکتا ہے جسے جدید تقاضوں کے مطابق استوار بھی کیا جاسکتا ہے۔ یاد رہے کہ کلفٹن میں واقع ایم ٹی اینڈ آر آئی کی عمارت ایک ایکڑ اراضی پر دو بڑے حصوں پر مشتمل ہے۔