پی ٹی آئی نے اپنے انتخابی وعدے فراموش کر دیے ہیں، خالد محمود

99

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) ریلوے پریم یونین کے رہنما خالد محمود چودھری نے کہا ہے کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کے دعویداروں نے 20لاکھ افراد کو بے روزگار کردیا ہے۔ حکمرانوں نے تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکا دیاہے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں دس فیصد ایڈ ہاک اضافہ ان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ ملازمین کو توقع تھی کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں ان کی تنخواہوں میںبھی اضافہ ہو گا مگر حکومت نے ملازمین کی تمام توقعات کو خاک میں ملادیا ہے، پی ٹی آئی نے اپنے انتخابی وعدے فراموش کر دیے ہیں، مراعات یافتہ طبقہ کو تو مزیدنواز دیا ہے مگردن رات اپنے وطن کی خدمت پر معمور ملازمین کو کسی قسم کا ریلیف نہ دے کر ان کے زخموں پر نمک چھڑکا ہے، پر یم یونین ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے قائد حافظ سلمان بٹ کی قیادت میں احتجاجی تحریک چلائے گی، کراچی سے پشاور تک دما دم مست قلندر ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے اسٹیشن پر ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میںزونل صدر ملک محمد بشیر، سیکرٹری بائو طاہر، باسط شفیق ،محمد آصف جاوید،محمد نعیم اختر،محمد رمضان، عمران کاہلوں ،عدنان خٹک،محمد یونس بٹ، نادر شاہ، ظہیرالدین بابر، نورالدین اور دیگر زونل ذمے داران بھی موجود تھے۔ انہوںنے کہا کہ عوام دشمن بجٹ نے حکومت سے وابستہ توقعات کو یکدم خاک میں ملادیاہے ۔ملازمین کو توقع تھی کہ ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم پچاس فیصد اضافہ ہو گا مگرغریب ملازمین کو دس فیصد کا لالی پاپ دے کر ٹرخا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اگر کوئی خوشحالی نظر آتی ہے تو اس کی وجہ مزدوروں کی دن رات کی محنت ہے ،پی ٹی آئی حکومت نہ اپنے منشور پر عمل کرسکی اورنہ ہی کوئی لیبر پالیسی بنا سکی ہے۔ حکومتی ایوانوں میں بیٹھے ظالم جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کوملک کے غریب عوام کے مسائل کا نہ احساس ہے اور نہ ہی وہ ان مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کون لیگ اور پیپلز پارٹی کے عبرت ناک انجام سے سبق سیکھنا چاہئے ۔ حکومت غربت کے خاتمہ کے بجائے غریب کا خاتمہ چاہتی ہے ، غریب سرکاری ملازمین کے چولہے ٹھنڈے پڑ رہے ہیں۔