بجٹ میں عوام اور مزدوروں سے منہ کا نوالہ بھی چین لیا گیا، پریم یونین

76

 

راولپنڈی (جسارت نیوز) پریم یونین کے عہدیداروں نے بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ میں حکومت نے عوام اور مزدوروں سے منہ کا نوالہ بھی چھین لیا ہے جبکہ پہلے غریب عوام اور مزدور اپنی بچیوں کو بیچنے پر آچکے ہیں غریب لوگ اپنے گردے بیچ رہے ہیں اب یہ عوام اور مزدور کہاں تک جائیں گے مہنگائی سو فیصد بڑھ چکی ہے جبکہ دس فیصد مزدوروں کی تنخواہ بڑھا کر بہت بڑا مذاق کیا گیا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ موجودہ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہ میں اضافہ کیا جائے ریلوے سمیت تمام ادارے خسارے میں جا رہے ہیں جبکہ عمران خان کو سب اچھے کی رپورٹ دی جارہی ہے، عوام اور مزدور سراپا احتجاج ہیں اور موجودہ بجٹ کو نامنظور کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈویژنل صدر پریم یونین (سی بی اے) ڈاکٹر اشتیاق عرفان نے مرکزی صدر پریم یونین حافظ سلمان بٹ کے حکم پر تمام ریلوے کے ڈویژن میں احتجاجی ریلیاں اور جلوس نکالے گئے جس میں مزدوروں نے شدید احتجاج کیا اور ہزاروں کی تعداد میں مزدور احتجاجی ریلی میں شریک ہوئے، مزدور گلے میں سوکھی روٹی ڈال کر زمین پر لیٹ کر حکومت کیخلاف سخت نعرے بازی کرتے رہے۔ مرگئے آٹا مہنگا، دال، چینی مہنگی، پیٹرول مہنگا، ہر چیز مہنگی، ہائے ہائے ہائے ہائے عمران خان مردہ باد کے نعروں سے ریلوے اسٹیشن راولپنڈی گونجتا رہا۔ اس موقع پر محمد خان، راجا لطیف، رمضان شاہ، نوید بنگش، نفیس خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کی مس مینجمنٹ کی وجہ سے اربوں روپے کا ریلوے کو نقصان کا سامنا ہے جبکہ اکثر گاڑیاں خسارے میں جارہی ہیں، ریلوے انتظامیہ دونوں ہاتھوں سے ریلوے کو لوٹ رہی ہے، کوئی قانون نام کی چیز نہیں ہے اگر مزدوروں کی تنخواہ میں اضافہ نہ کیا گیا تو راست اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔