پنجاب کے بجٹ میں ٹیکسوں کی بھر مار کا براہ راست اثر عوام پر پڑے گا

80

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115کے امیر میاںاجمل حسین بدر ایڈووکیٹ اورجنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ فاقی بجٹ کی طرح صوبائی بجٹ نے بھی عوام کو شدید مایوس کیا ہے۔ پنجاب کے بجٹ میں ٹیکسوں کی بھر مار کا براہ راست اثر عوام پر پڑے گا۔ زرعی ٹیکس دگنا کرنے سے کاشتکاروں کے مسائل میں اضافہ ہوگا۔ صوبے میں پہلے ہی کسان مشکلا ت کا شکار ہیں۔ کسانوں کے لیے جاری کی جانے والی اسکیم ایگری اسمارٹ کارڈ محض لولی پاپ کے سوا کچھ نہیں۔ جماعت اسلامی آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بنائے جانے والے دونوں بجٹوں کو غریب دشمن سمجھتے ہوئے مسترد کرتی ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے 23جون کو ہونے والے جماعت اسلامی کے عوامی مارچ کے حوالے سے مختلف مکتبہ فکر کے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے پاس کسی قسم کا کوئی معاشی وژن نہیں۔ مہنگائی اور بے روزگاری کی شرح آسمان سے باتیں کررہی ہے۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے کے دعویداروں نے 20لاکھ افراد کو بے روزگار کردیا ہے۔ 23جون بروز اتوار کو چنیوٹ بازارسے گھنٹہ گھرتک ہونے والا عوامی مارچ ملک میں حکمرانوں کی غلط پالیسیوں سے بیزاری اور نجات کا باعث بنے گا۔ حکمرانوں نے تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکہ دیاہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے پہلے بجٹ میں ہی یہ واضح کردیا ہے کہ انھیں عوامی مسائل سے کوئی غرض نہیں۔ بجٹ نے عوام کے ساتھ ساتھ حکومتی وزرائکو بھی پریشان کردیا ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 5سے 10 فیصد تک اضافہ ناکافی ہے ا سے مہنگائی کے تناسب سے بڑھایا جانا چاہیے۔ انہوںنے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی بد ترین کارکردگی کے باعث ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ چکا ہے، جبکہ روپے کی بے قدری سے قرضوں میں اربوں روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ بجلی1.50اور سونا فی تولہ 76ہزار روپے سے بھی تجاوز کرچکا ہے۔ عوام جھولیاں اٹھا اٹھا کر حکمرانوں کو بد دعائیں دے رہے ہیں۔