صوبائی بجٹ نے بھی عوام کو شدید مایوس کیا ہے،عبدالستار بیگا

71

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114کے امیرمیاںعبدالستاربیگا،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم نے کہاہے کہ وفاقی بجٹ کی طرح صوبائی بجٹ نے بھی عوام کو شدید مایوس کیا ہے۔ عوام جھولیاں اٹھا اٹھا کر حکمرانوں کو بد دعائیں دے رہے ہیں۔پنجاب کے بجٹ میں ٹیکسوں کی بھر مار کا براہ راست اثر عوام پر پڑے گا۔ زرعی ٹیکس دو گنا کرنے سے کاشتکاروں کے مسائل میں اضافہ ہوگا۔ صوبے میں پہلے ہی کسان مشکلا ت کا شکار ہیں۔ کسانوں کے لیے جاری کی جانے والی اسکیم ایگری سمارٹ کارڈ محض لولی پاپ کے سوا کچھ نہیں۔ جماعت اسلامی آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بنائے جانے والے دونوں بجٹوں کو غریب دشمن سمجھتے ہوئے مسترد کرتی ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے23جون کو ہونے والے جماعت اسلامی کے عوامی مارچ کے حوالے سے مختلف مکتبہ فکر کے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے پاس کسی قسم کا کوئی معاشی وژن نہیں۔ مہنگائی اور بے روزگاری کی شرح آسمان سے باتیں کررہی ہے۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے کے دعویداروں نے 20لاکھ افراد کو بے روزگار کردیا ہے۔ 23 جون کو ہونے والا عوامی مارچ ملک میں حکمرانوں کی غلط پالیسیوں سے بیزاری اور نجات کا باعث بنے گا۔ حکمرانوں نے تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکہ دیاہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے پہلے بجٹ میں ہی یہ واضح کردیا ہے کہ انھیں عوامی مسائل سے کوئی غرض نہیں۔ بجٹ نے عوام کے ساتھ ساتھ حکومتی وزراء کو بھی پریشان کردیا ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 5سے10 فیصد تک اضافہ ناکافی ہے ا سے مہنگائی کے تناسب سے بڑھایا جانا چاہیے۔ عبدالستار بیگانے مزیدکہا کہ موجودہ حکمرانوں کی بد ترین کارکردگی کے باعث ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ چکا ہے، جبکہ روپے کی بے قدری سے قرضوں میں اربوں روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ بجلی1.50اور سونا فی تولہ 76ہزار روپے سے بھی تجاوز کرچکا ہے۔