صحابہ کرامؓ کی قربانیاں تاریخ اسلام کے ماتھے کا جھومر ہے

764

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر،جنرل سیکرٹری راشد محمود، نائب صدورمحمدآصف عطا،مسلم توقیر، فاروق باجوہ ، سلیم انصاری،شیخ عمرمختار،سلطان عبداللہ،اسامہ نذیر، فیصل خلیجی،عثمان گیلانی، اطہر عظیم،سلطان ڈوگر اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ صحابہ کرامؓ کی قربانیاں تاریخ اسلام کے ماتھے کا جھومر ہے۔ ان کی قربانیوں کی بدولت آج دنیا میں اسلام کا پرچم لہرارہا ہے۔ صحابہ کرام اور اہلِ بیت سے بڑھ کر کوئی بہادر اور شجاع نہیں اور بدر کے میدان میں اترنے والے صحابہ کرام ؓمیں سب سے چھوٹی عمر کے بچے کے ایمان کی تعریفیں جنابِ رسول اللہ ﷺ نے فرمائیں اور غزوہ بدر میں شریک ہر ایک صحابی کا ایمان اور خوف سارے کفر پر بھاری تھا۔ صحابہ کرامؓ اور اہلبیت ؓکی قربانیوں کے نتیجے میں اسلام دنیا میں پھیلا اور پھیل رہا ہے۔ قوم سے خطاب میں وزیر اعظم کا حضرات صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو ڈرپوک اور بزدل کہنا اور مال غنیمت کو لوٹ مار سے تعبیر کرنا انتہائی افسوس ناک ہے، عمران خان صاحب کے الفاظ اور لہجہ نے اہلِ اسلام کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ وزیر اعظم کا بیان اسلامی تعلیمات اور تاریخی حقائق کے سراسر منافی ہے۔ جنگ بدر سے کوئی صحابی پیچھے نہیں رہا یہ وزیراعظم کی کم علمی اور اسلامی تعلیمات،تاریخ اسلام سے ناواقفیت ہے، جنگ بدر میں صحابہ کرام کی شجاعت، بہادری، جوانمردی اور جانثاری کا بے مثال کردار تو تاریخ کی مسلمہ حقیقت ہے جسے غیر مسلم بھی نہیں جھٹلا سکتے ہیں، وزیر اعظم اس گمراہ کن بیان، گستاخانہ الفاظ اور لب ولہجہ پر اللہ رب العزت اور پوری قوم سے اعلانیہ معافی مانگیں،اور ہر معاملے میں خود کو عقل کل سمجھنا چھوڑ دیں۔ پی ٹی آئی نوجوان اس گستاخی پر وزیر اعظم کا دفاع ہر گز نہ کریں۔