دیر اور چترال کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیںگے،عنایت اللہ خان

54

پشاور (وقائع نگارخصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی وممبرصوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ کوٹوہائیڈل پاور پروجیکٹ ، چترال یونیورسٹی ، دیر انجینئرنگ یونیورسٹی کے لیے فنڈز میںکمی ، تیمرگرہ بیوٹیفکیشن کے لیے چالیس کروڑ روپے کے پروجیکٹ کا خاتمہ ،چکدرہ تا چترال اور چترال تا گلگت ایکسپریس ووے کا خاتمہ کے ساتھ ساتھ اربوں روپے کے پروجیکٹس کی بندش ان علاقوں کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے ۔ملاکنڈ ڈویژن اوردیر بالا ، دیر پائیں اور چترال کے اضلاع کے میگا پروجیکٹس کے خاتمے بجٹ میں ان اضلاع کو نظرانداز کرنے کے خلاف جماعت اسلامی نے آل پارٹیز کانفرنس منعقدکرنے کا اعلان کردیا ہے اور پہلے مرحلے میںدیر اور چترال اور دوسرے مرحلے میں پورے ملاکنڈ ڈویژن کے لیے اے پی سی ہوگی جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور احتجاج ، دھرنا ، لانگ مارچ اور عدالت جانے کے تمام آپشن استعمال کریں گے ۔ دیر اور چترال کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیںگے ۔وہ دیر بالا میںکنونشن سے خطا ب کررہے تھے ۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عنایت اللہ خان نے کہاکہ دیر کے عوام کو اسلام سے محبت اور جماعت اسلامی سے عقیدت کی سزادی جارہی ہے ۔ اس پر خاموش نہیں رہیں گے ۔انہوںنے کہاکہ عوام نے موجودہ حکومت سے بہت سے توقعات وابستہ کر رکھے تھے جس کو پورا کر نے میں موجودہ حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔عوام کے مسائل میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ گیس ، تیل ، بجلی اور دیگر ضروریہ زندگی کے قیمتوں میں اضافہ ہو ا ہے اور معاشی صورت حال ابتر ہوگئی ہے ۔